اسلام آباد (پاکستان امیج) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کو چہرے پر کپڑا ڈال کر عدالت پیش کر دیا گیا جہاں اہلیہ نے اس سے ملاقات بھی کی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پولیس نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو اسلام آباد کچہری کی عدالت میں پیش کیا، دوران سماعت فواد چوہدری نے درخواست کی کہ وکلا سے ملنے کی اجازت دی جائے جس پر ڈیوٹی جج عباس شاہ نے اجازت دیدی۔ فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت میں اعتراض اٹھایا کہ ان کے مؤکل کے چہرے پر کپڑا کیوں ڈالا گیا۔
دریں اثنا کمرہ عدالت میں فواد چوہدری سے ان کی اہلیہ حبا چوہدری نے ملاقات کی اورشوہر سے خیریت دریافت کرتی رہیں۔قبل ازیں فواد چوہدری کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا تو پولیس نے ان کے چہرے پر کپڑا ڈالا اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں پہنارکھی تھیں۔
سابق وفاقی وزیر کو گزشتہ روز حراست میں لیا گیا تھا ، انہیں کس تھانے میں رکھا گیا اس حوالے سے ان کے اہل خانہ کو کوئی اطلاع نہیں دی گئی جس پر بیٹیاں اور اہلیہ پریشانی میں مبتلا رہے۔
Pakistan Image