مری (پاکستان امیج) عیدالفطر پر عوام کی بڑی تعداد کی جانب سے مری کا رخ کیا گیا۔ اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر عمران رزاق نے بتایا کہ عید کے تعطیلات کے دوران مری میں 70 ہزار سے زائد سیاحتی گاڑیاں پہنچیں، جس کے پیش نظر 200 سے زائد افسران اور عملے کو ٹریفک کے بہاؤ کو منظم کرنے اور سیاحوں کی رہنمائی کے لیے تعینات کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ 11 ہزار 740 سے زائد سیاحوں کو مختلف طریقوں سے رہنمائی اور مدد فراہم کی گئی، مؤثر ٹریفک پلان اور شاندار حکمت عملی کی بدولت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، جس پر ٹریفک پولیس کے افسران اور عملے کی کارکردگی قابل تعریف ہے، خاص طور پر ان کی یہ قربانی کہ وہ اپنے اہل خانہ سے دور رہ کر کام کر رہے تھے، اسی لیے بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹریفک وارڈنز اور عملے کو تعریفی اسناد دی جائیں گی۔
بتایا جارہا ہے کہ عیدالفطر پر خیبرپختونخواہ میں بھی سیاحت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے فوکل پرسن یار محمد خان نے بتایا کہ عید کے تین دنوں میں 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد سیاحوں نے صوبے کے خوبصورت سیاحتی مقامات کا رخ کیا، وادی سوات میں 1 لاکھ 86 ہزار سے زائد جب کہ گلیات میں 51 ہزار 886 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ 76 غیرملکی سیاح بھی خیبرپختونخواہ آئے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمد سہیل خان آفریدی کی ہدایات پر سیاحوں کیلئے بہترین انتظامات کیے گئے، ٹورازم پولیس مکمل ڈیوٹی پر موجود رہی اور ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے فعال رہی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یومِ پاکستان 23 مارچ کے موقع پر جاری احساسِ شجر شجرکاری مہم کے تحت 10 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا اور حکومت خیبر پختونخواہ نے ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دس لاکھ پودے صرف 10 گھنٹوں میں لگا کر ریکارڈ قائم کر دیا، حکومتِ خیبرپختونخواہ سابق وزیراعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان وژن پر عمل پیرا ہے اور صوبے کو سرسبز بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری ہیں، آپ بھی اس قومی مہم کا حصہ بنیں اور اپنے حصے کا پودا لگائیں۔
Pakistan Image