عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا مگر اپنی عیاشیاں کم نہیں کی! وفاقی حکومت تنقید کی زد میں

اسلام آباد(پاکستان امیج)وفاقی کابینہ نے مالی سال 2026-27 کے لیے گزشتہ کفایت شعاری اقدامات کو جاری رکھنے کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت سرکاری اخراجات کم کرنے کے لیے پہلے سے نافذ قوانین اور ہدایات کو دوبارہ لاگو کر دیا گیا ہے۔

حالیہ جاری کردہ نوٹیفکیشن میں وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کے لیے وسیع پیمانے پر پابندیوں کا اعلان کیا گیا ہے تاہم حکومت کو اپنے اخراجات کے طریقہ کار پر پہلے ہی تنقید کا سامنا ہے۔

حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ کفایت شعاری کے اقدامات مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور قومی خزانے پر دباؤ کم کرنے کے عزم کا اظہار ہیں تاہم ناقدین کا موقف ہے کہ ایک جانب اخراجات کم کرنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں جبکہ دوسری طرف حکومتی سطح پر غیر ضروری اخراجات، مہنگے غیر ملکی دورے، بڑے سرکاری اجتماعات اور وسیع کابینہ جیسے معاملات سوالات اٹھا رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سرکاری محکموں کے اخراجات محدود کرنے کے باوجود اصل مسئلہ حکومتی اعلانات اور عملی اقدامات کے درمیان فرق کا ہے جس کے باعث کفایت شعاری کی پالیسی پر اعتماد کے حوالے سے سوالات موجود ہیں۔

نئے کفایت شعاری حکم نامے کے مطابق نئی گاڑیوں کی خریداری، نئی آسامیوں کی تخلیق اور تازہ بھرتیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ اسکے علاوہ مشینری، آلات اور غیر ضروری اشیا کی خریداری بھی روکی جائے گی تاہم طبی آلات اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں غیر ضروری سرکاری دوروں، کانفرنسز اور تربیتی پروگرامز کو محدود کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے جبکہ دفاتر کے روزمرہ اخراجات، مہمان داری، تقریبات، پرنٹنگ اور تشہیری سرگرمیوں میں کمی لانے کا کہا گیا ہے۔

کفایت شعاری منصوبے کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی، وی وی آئی پی قافلوں کے حجم کو کم کرنے اور نئے منصوبوں کی منظوری کے عمل کو مزید سخت بنانے کی تجاویز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کرایوں، مرمت اور دیگر غیر ضروری اخراجات کو بھی قابو میں رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تمام وزارتوں، محکموں، قانونی اداروں اور ریگولیٹری اتھارٹیز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ان ہدایات پر فوری عملدرآمد کے لیے اپنے ماتحت دفاتر کو آگاہ کریں تاہم کفایت شعاری کمیٹی کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مخصوص معاملات کا جائزہ لے کر ضرورت کے مطابق استثنیٰ دے سکے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *