لاہور(پاکستان امیج)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف کی زیرصدارت پارٹی کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی واپسی بحرانوں کی سیاہ تاریک رات میں گھرے پاکستان کے لئے طلوع سَحَر ہے، پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم اور وطن کو مشکلات سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنے آرہا ہے، نوازشریف اپنے ریلیف کے لئے نہیں بلکہ قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی اور لاقانونیت کی تکلیف سے نجات دلانے آرہے ہیں۔
اجلاس کے شرکا سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن،معاشی ترقی ، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے ، نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے،عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں ، وعدہ ہے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے جذبے کو بھی خراج تحسین پیش کیا،کہا تین دفعہ عوام نے نوازشریف پر اعتماد کیا، انہیں وزیراعظم بنا کر ملک کی خدمت کا موقع دیا، نوازشریف نے عوام سے کئے ہر وعدے کو پورا کیانواز شریف ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اترا اور ہر بار ملک کو بدترین بحرانوں سے نکالا،’’اِن شاءاللہ پھر نکالیں گے۔ہر غم سہہ کر بھی نوازشریف کی ترجیح آج بھی عوام اور ملک کی ترقی وخوش حالی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن،معاشی ترقی ، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے ،نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے، تاریخ گواہ ہے کہ نوازشریف کو ہمیشہ بحرانوں، طوفانوں اور خساروں میں گھرا ملک ملا. اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسے، محنت اور خلوص نیت سے ن لیگ نے ہمیشہ طوفانوں کا منہ پھیرا ہے، نئی امید دی ہے اور پاکستان اور عوام کو ریلیف دیا ہے۔
اجلاس سے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وہی نوازشریف ہے جس نے 2013 میں جب ملک سنبھالاتھا تو لوڈشیڈنگ ،دہشتگردی اور معاشی بدحالی قوم کا لہو بہا رہی تھی، پوری قوم کو دہشتگردی کے خلاف ایک بیانیے پر نوازشریف نے متحد کیا، مہنگائی کی کمر توڑی، پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد کی، پورے خطے میں پاکستان سب سے تیز ترین معاشی ترقی کررہا تھا، نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو اِن بحرانوں سے نکالیں گے، عوام چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پراپیگنڈے سے ہوشیار رہیں اور نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں تاکہ پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائی۔
Pakistan Image