کراچی (پاکستان امیج) تحریک انصاف نے پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج ماننے سے انکار کر دیا ۔ پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہےکہ عوام نے مینڈیٹ کسی اور کو دیا ہے رزلٹ کوئی اور تیار کررہا ہے،پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہیں،گزشتہ الیکشن سے سبق نہیں سیکھا گیا ، بیلٹ باکس پہلے ہی بھرے ہوئے تھے۔، 8فروری کی طرح ضمنی انتخابات میں بھی زورزبردستی کی گئی ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پروگرام میں (ن) لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے بھی شرکت کی ۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں وہی کچھ دہرایا گیا جو 8 فروری کے انتخابات میں کیا گیا تھا، ضمنی انتخابات میں بھی عوام نے مینڈیٹ کسی اور کو دیا ہے رزلٹ کوئی اور تیار کررہا ہے، 8فروری کی طرح ضمنی انتخابات میں بھی زورزبردستی کی گئی ہے،بیرسٹر گوہر خان کی بھی شکایت ہے کہ کچھ لوگ پولنگ اسٹیشنز کے باہر زبردستی کررہے تھے، افسوسناک طور پر اس میں باوردی لوگوں کے ساتھ سادہ لباس لوگ بھی شامل تھے، سادہ لباس والوں نے لوگوں کاجینا حرام کردیا ہے، سادہ لباس والے اپنا کام کریں ان کا الیکشن سے کیا تعلق ہے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو عوام کی حمایت حاصل ہے ہمیں دھاندلی کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے، مولانا فضل الرحمن بتائیں خیبرپختونخوا میں ہم نے کہاں دھاندلی کی.8فروری کے انتخابات میں اور اس سے پہلے ہمارا جینا حرام تھا، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو تو انتخابی مہم تک نہیں چلانے دی جارہی تھی، میں اپنے حلقے میں بھرپور طریقے سے مہم نہیں چلاسکا، الیکشن کمیشن، ادارے، پولیس، سادہ لباس والے ہمارے خلاف تھے ہم نے کیسے دھاندلی کی۔
علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کو باہر آنے دیں قوم اس نظام کو ٹھیک کرے گی، موروثی سیاست کرنے والوں سے عوام کو کوئی توقع نہیں ہے، عوام نے الیکشن میں تحریک انصاف کی بھرپور سپورٹ کی ہے، عوام کو ہر میدان میں عمران خان کے ساتھ مضبوط کھڑا ہونا ہوگا، 2024ء کے الیکشن میں ہمارا امیدوار شہید کیا گیا۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کاخون بہا اس کا کوئی حساب کتاب ہے۔
Pakistan Image