اسلام آباد (پاکستان امیج)چیف جسٹس پاکستان نے نیب ترامیم کیخلاف دائر درخواست میں ریمارکس میں کہا کہ عمران خان کے وکیل ساڑھے 12 بجے تک دلائل مکمل کر لیں، آج کیس ختم کرنا چاہتے ہیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کر رہا ہے جس میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل ہیں۔
دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ایف بی آر کو ملنے والی معلومات بطور ثبوت استعمال نہیں ہو سکتیں۔ وکیل مخدوم علی خان نے دلائل میں کہا کہ ملزم سے برآمد ہونیوالا مواد بھی نیب نے ہی ثابت کرنا ہوتا ہے، بیرون ممالک شواہد ثابت کرنا بھی نیب کی ہی ذمہ داری ہے۔ عدالتیں شواہد قانونی طور پر دیکھ کر کرتی ہیں۔ سوئس عدالتوں نے آصف زرداری کے خلاف شواہد تسلیم نہیں کئے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ سوئس مقدمات تو زائد المعیاد ہونے پر ختم ہوئے، عدم شواہد پر نہیں۔ مخدوم علی خان نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے سوئس حکام سے معاونت کس قانون کے تحت مانگی کوئی نہیں جانتا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا قانون میں ملزم کے ساتھ شکایت کنندہ کے حقوق بھی ہیں؟مخدوم علی خان نے کہا کہ آئین ملزم کو شفاف ٹرائل کا حق دیتا ہے، شکایت کنندہ کا ذکر نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ نیب کی زیر حراست ملزم کو دباو میں لا کر پلی گین کا تاثر ہے۔ وکیل نے کہا کہ درست ہے کچھ مثالیں موجود ہیں۔ دباو ڈال کر پلی بارگین کیا گیا۔
چیف جسٹس نے کہا سندھ میں ایک کیس کی مثال موجود ہے۔ اس کیس میں پلی بارگین کر کے رقم طے کی گئی۔ بعد میں تمام اثاثوں کا دوبارہ تخمینہ لگایا گیا، بتائیں پلی بارگین کی نیب شق میں کیسے بہتری لائی جا سکتی ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ترامیم کے بعد پلی بارگین کے تحت اقساط میں وصول رقم واپس کرنا ہو گی۔
دوران سماعت 7صفحات پر مشتمل نیب رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ نیب ترامیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شامل ہیں،نیب رپورٹ کے مطابق خورشید انور جمالی، منظور قادر کاکا، خواجہ انور مجید کے نیب مقدمات واپس ہوئے ،جعلی اکاؤنٹس کیس کے مرکزی ملزم حسین لوائی کا کیس بھی نیب کے دائرہ کار سے نکل گیا۔رپورٹ کے مطابق نیب قانون میں تبدیلی کے بعد رواں سال 22مقدمات احتساب عدالتوں میں پیش ہوئے،ترامیم کی روشنی میں 25مقدمات دیگر فورمز کو منتقل کئے گئے۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل میں کہا کہ بیرون ملک سے حاصل قانونی معاونت کی زیادہ اہمیت نہیں رکھی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مئی 2023 سے پہلے نیب ریفرنسز کا واپس ہونا سنجیدہ معاملہ ہے، ہمارے پاس نیب ریفرنس واپس ہونے کی تفصیلات پر مبنی فہرست ہے۔ بات یہ ہے کہ ہم نے کیس آج ختم کرنا ہے اور ساڑھے 12 بجے تک کا وقت ہے۔ انہوں نے عمران خان کے وکیل کو ساڑھے 12 تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اٹارنی جنرل پیر کو کچھ وقت لیں گے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ پیر تک وقت نہیں، تحریری طور پر معروضات دیدیں، ہم دیکھ لیں گے۔
کیس کی سماعت ابھی جاری ہے، واضح رہے کہ نیب ترامیم کے خلاف کیس کی اب تک 51 سماعتیں ہو چکی ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
Pakistan Image