پشاور(پاکستان امیج) وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے اختلافات کے باعث خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورس شکیل احمد خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے،مستعفی صوبائی وزیر نے اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو بھجوادیا،اس حوالے سے شکیل خان کا کہنا ہے کہ کابینہ سے استعفیٰ دینے کی وجوہات ایوان میں بتاﺅں گا۔
میں اپنے آپ کو تمام فورمز پر احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں۔صوبائی وزیر شکیل خان نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ہ کسی اور کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت اپنے بنیادی اصولوں اور وعدوں پر سمجھوتا کر رہی ہے۔ حکومت اپنے اصولی موقف سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔ خراب حکمرانی اور بدعنوانی نے پارٹی کا منشور تباہ کردیا ہے۔
شکیل خان کایہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ ان کے محکمے میں مداخلت کر رہے تھے۔
صوبے میں کرپشن اور بیڈ گورننس کے باعث کام نہیں کر پا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے اختلافات اصولوں کی بنیاد پر ہیں لیکن میرا ووٹ بانی پی ٹی آئی کا ہے۔ صوبے میں کرپشن اور بیڈگورننس کے خلاف آواز بلند کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے کابینہ میں تبدیلی کا امکان تھا اور شکیل خان کو ہٹانے کی باتیں بھی سامنے آئی تھیں تاہم وزیراعلیٰ کی جانب سے ہٹائے جانے سے قبل ہی شکیل خان نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی شکیل خان کے سابقہ دیگر وزرائے اعلیٰ کے ساتھ بھی اختلافات رہے تھے اور انہوں نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان سے بھی اختلافات کا اظہار کیا تھا۔ذرائع کے مطابق شکیل خان کی جانب سے علی امین گنڈاپور کی کابینہ میں کرپشن سے متعلق شکایات بھی کی گئی تھیں۔ ان کی شکایات کی بنیاد پر خیبرپختونخواہ میں کرپشن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی بنائی گئی تھی۔
Pakistan Image