کراچی (پاکستان امیج) تحریک انصاف کے سینئر رہنما حامد خان نے کہا ہے کہ عدلیہ خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، الیکشن ٹریبونلز میں معاملہ بہت دیر کیلئے لٹک جائے گا.الیکشن ٹریبونلز دھاندلی پر پردہ ڈالنے کا ایک ذریعہ ہیں، جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ملک بھر میں دھاندلی سامنے آجائے گی. 8 فروری کے انتخابا ت میں جو کچھ ہوا سب کے سامنے ہے،سپریم کورٹ اپنے اختیارات کے تحت بھی جوڈیشل کمیشن بناسکتی ہے، بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر سپریم کورٹ نوٹس لے کر کمیشن مقرر کرسکتی ہے.
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
حامد خان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے، یہ اور دیگر بنیادی وجوہات ہیں جن کا سپریم کورٹ کو ازخود نوٹس لینا چاہیے، ججوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کی صوابدید ہے کہ جن کا تعصب نہ ہو انہیں جوڈیشل کمیشن میں شامل کرے، سپریم کورٹ بہتر جانتی ہے کون ایسے ججز ہیں جن کی کسی مخصوص سیاسی پارٹی کے ساتھ یا خلاف سوچ نہیں ہے، ہم نے اپنی درخواست میں کسی جج کا نام نہیں لیا کہ وہ کمیشن کا حصہ نہ بنے۔
حامد خان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن میں شامل ہوئے تو ہمیں اعتراض نہیں ہوگا، چیف جسٹس کے جوڈیشل کمیشن کی سربراہی کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے، سپریم کورٹ کمیشن بنا کر شفاف تحقیقات کرے تو قوم کیلئے بھی اچھا ہوگا، انتخابات میں دھاندلی پر سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججوں پر مشتمل کمیشن بننا چاہیے، سپریم کورٹ کا جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرتا ہے تو اسے قبول نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
حامد خان نے کہا کہ بلے کے نشان پر بھی ہماری نظرثانی کی درخواست زیر التواء ہے، ہمیں توقع ہے ہماری یہ درخواست جلد سنی جائے گی، پی ٹی آئی امیدواروں کے نتائج بدلے گئے اس کی انکوائری ہونی چاہیے، کراچی ، پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں انتخابات بھی ہمیں شکایات ہیں، الیکشن ٹریبونلز میں معاملہ بہت دیر کیلئے لٹک جائے گا، الیکشن ٹریبونلز دھاندلی پر پردہ ڈالنے کا ایک ذریعہ ہیں، جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ملک بھر میں دھاندلی سامنے آجائے گی۔
حامد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کیلئے ہوا کا رخ زیادہ بدلتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے، انتخابات میں دھاندلی اتنی واضح ہے کہ آرٹیکل 184/3کی ازخود نوٹس سماعت ہوجانی چاہیے تھی، آئین کی خلاف ورزی ہورہی ہو تو عدلیہ خاموش تماشائی نہیں بن سکتی، سیاسی جماعتوں کے اندرونی عمل میں غلطیاں ہوسکتی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اسے آئینی حقوق سے محروم کردیا جائے، فیصلہ سازی میں سقم کی وجہ سے مخصوص نشستوں سے کسی سیاسی جماعت کو محروم نہیں کیا جاسکتا۔
Pakistan Image