اسلام آباد (پاکستان امیج) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ظلم اتنا کیا جائے جتنا سہہ سکیں ، تحریک انصاف حکومت میں آکر وہ نہیں کرے گی جویہ کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی سے متعلق کوئی علم نہیں ہے لیکن حکومت کو چاہیے کہ وہ عدالتی حکم پر فوری اور من و عن عملدرآمد کرے۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت سے کسی اچھے سلوک کی توقع نہیں تھی اسی لیے ہم نے عدالت سے رجوع کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے سپریم کورٹ کے حکم کو سیاست کا محور نہیں بنایا، تاہم جب تک نظرثانی کی درخواست منظور نہیں ہو جاتی، حکومت ہر صورت عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کی پابند ہے اور عدم عملدرآمد پر توہینِ عدالت کی کارروائی ہونی چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی ذاتی انتقام سے بہت آگے جا چکے ہیں، بانی کے ساتھ جتنا ظلم ہو چکا ہے اب اس پر بس کرنی چاہیے اور یاد رکھا جائے کہ ظلم اتنا ہی کیا جائے جتنا کل کو خود بھی سہہ سکیں۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آکر وہ انتقامی رویہ کبھی نہیں اپنائے گی جو موجودہ حکومت کر رہی ہے۔
اسپتال کی منتقلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فی الحال کسی بھی کارکن کو اسپتال کے باہر پہنچنے کی کوئی کال نہیں دی گئی ہے۔
Pakistan Image