سوہنا پنڈ پنجاب دے پروگرام! دیہاتوں کو شہروں جیسا بنانے کا منصوبہ سامنے آگیا

لاہور(پاکستان امیج)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہی علاقوں میں معیارِ زندگی بہتر بنانے کے حکومتی عزم کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے دیہات کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

عالمی یومِ دیہی ترقی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے ملکی ترقی، زرعی پیداوار اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں دیہی آبادی کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں کی ترقی کے بغیر خوشحال پاکستان کا تصور مکمل نہیں ہو سکتا کیونکہ دیہات نہ صرف سماجی و اقتصادی ڈھانچے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں بلکہ ہماری ثقافت اور روایات کا بھی اہم حصہ ہیں۔

مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت دیہی عوام کو تعلیم، صحت، فنی تربیت اور روزگار کے پائیدار مواقع فراہم کر کے انہیں بااختیار بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت دیہات میں صاف پانی کی فراہمی، جدید زرعی طریقوں کے فروغ، معیاری تعلیمی و طبی سہولیات اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کو ترجیح دے رہی ہے۔

انہوں نے حکومتی ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں تک بھی توسیع دی گئی ہے جس کا مقصد صفائی کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ اسی طرح دیہی علاقوں میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جبکہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم شروع کی گئی ہے تاکہ وہ زراعت کے ذریعے معاشی طور پر خود کفیل بن سکیں۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق ماڈل ویلج پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے جس کے تحت 2400 سے زائد دیہات میں شہری طرز کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب، پارکوں کا قیام اور بچوں کے لیے کھیل کے میدانوں کی تعمیر شامل ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 1500 سے زائد منصوبوں پر کام جاری ہے جن کے ذریعے دیہی علاقوں میں 3300 کلومیٹر سے زیادہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جا رہی ہے تاکہ آمدورفت کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

آخر میں مریم نواز نے کہا کہ سوہنا پنڈ پنجاب دے پروگرام کے تحت دیہات کی گلیوں کی پختگی، سڑکوں کی بحالی، بچوں کے پارکوں کی تعمیر اور وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جا رہی ہے جس کا مقصد دیہی ماحول کو مزید خوبصورت، صاف اور صحت مند بنانا ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *