اسلام آ باد (پاکستان امیج) وزارت مذہبی امور نے آئندہ حج آپریشن کیلئے درکار ڈالرز کا تخمینہ لگا لیا۔ سرکاری حج سکیم کیلئے 280 ملین ڈالرز درکار ہوں گے۔ وزارت مذہبی امور نے 180 ملین ڈالرز کی ضرورت سے وزارت خزانہ کو آگاہ کر دیا، ڈالرز کے حصول کیلئے سپانسر شپ سکیم کا کوٹہ 10 ہزار سے بڑھا کر 25 ہزار کر دیا گیا، سو ملین ڈالرز سپانسر شپ سکیم کے تحت حاصل کیے جائیں گے۔
سپانسرشپ سکیم میں شمولیت کیلئے درخواست گزار کا پاکستانی پاسپورٹ لازمی ہو گا، سپانسر شپ سکیم میں حج اخراجات کی رقم ڈالرز میں وصول کی جائے گی، دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور ان کے رشتہ داراس سکیم کے تحت حج کرسکیں گے۔ سپانسر شپ سکیم کے درخواست دہندہ قرعہ اندازی سے مستثنی ہوں گے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق لانگ حج پیکج جنوبی ریجن والوں کو 3 ہزار 775 ڈالرز ادا کرنا ہوں گے۔ لانگ حج پیکج شمالی ریجن والوں کو 3 ہزار 800 ڈالرز ادا کرنا ہوں گے۔ کم مدت حج پیکج جنوبی ریجن والوں کو 4 ہزار 15 ڈالرز جبکہ کم مدت حج پیکج شمالی ریجن والوں کو 4 ہزار 50 ڈالرز ادا کرناہوں گے۔
Pakistan Image