لاہور (پاکستان امیج) سابق وفاقی وزیر خزانہ سرتاج عزیز کی وفات پرمسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا بیان آ گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ سابق وزیر خزانہ سرتاج عزیز کی وفات سے دِل بہت رنجیدہ ہے۔ مرحوم تحریکِ پاکستان کے سرگرم کارکن اور قوم کا اثاثہ تھے۔ وہ روزِ اوّل سے مسلم لیگ کے ساتھ منسلک رہے اور مسلم لیگ کے بہت باوفا اور بااعتماد رُکن تھے۔
انہوں نے کہا کہ میری زندگی کے بیشتر حصے اور قومی ذمہ داریوں میں سرتاج عزیز کا ساتھ رہا۔ دُکھ کی اِس گھڑی میں اُن کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ اللہ تعالٰی اُنہیں اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطاء فرمائے۔ آمین
واضح رہے کہ سرتاج عزیز گذشتہ روز انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 95 برس تھی۔
Pakistan Image