اسلام آباد(پاکستان امیج)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے سائفر کیس اٹک جیل میں سماعت کیخلاف درخواست پر کہا کہ سائفر کیس کی اٹک جیل میں سماعت کا نوٹیفکیشن وزارت داخلہ جاری کر سکتی ہے ،وزارت قانون نے کیسے جاری کیا؟
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس اٹک جیل میں سماعت کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل شیر افضل مروت پیش ہوئے،ایف آئی اے وکلا نے جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دینے کی استدعا کردی۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سائفر کیس کی آئندہ تاریخ کیا ہے؟وکیل نے کہاکہ سوال یہ ہے کیا 13ستمبر کو کوئی نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے کہاکہ اس حوالے سے ہم ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کر دیں گے،چیف جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ ہم کیس اس سماعت سے پہلے رکھ لیتے ہیں، عدالت کو آگاہ کیا جائے، درخواست پر عدالت ایف 8کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کی گئی،وزارت داخلہ متعلقہ وزارت بنتی ہے، وزارت قانون نے نوٹیفکیشن کیسے کیا؟
وکیل نے کہاکہ آئندہ سماعت کیلئے کوئی نوٹیفکیشن جاری کرنےسے روک دیاجائے،چیف جسٹس نے کہاکہ ہم نے آئندہ سماعت سے پہلے یہاں کیس سماعت کیلئے رکھ لیا ہے،آئندہ سماعت پر بتائیں وزارت قانون نے کس اختیار سے نوٹیفکیشن جاری کیا،وکیل شیرافضل مروت نے کہاکہ ہماری استدعا ہے آج ہی دلائل دے جائیں،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ وہ تو کہہ رہے ہیں ہمیں لگتا تھا کہ درخواست واپس لے لی جائے گی،وکیل شیرافضل مروت نے کہاکہ ہم کیوں درخواست واپس لیں، ہم دلائل دینا چاہتے ہیں،ٹرائل کورٹ درخواست کی وجہ سے ہماری ضمانت کی درخواست نہیں سن رہی،اب اس وجہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کو مزید 6دن جیل میں رہنا پڑے گا، چیف جسٹس نے کہاکہ آرڈر کر دیتا ہوں کہ ہائیکورٹ میں اس درخواست سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ایسے کیسز میں جمگھٹا کیوں بنا لیتے ہیں، سارے بیٹھ جائیں،صرف متعلقہ وکلا روسٹرم پر رہیں، باقی سب پیچھے جا کر بیٹھ جائیں،ٹرائل کورٹ پر اس درخواست کی وجہ سے کوئی پابندی نہیں، پابندی تب ہوتی جب ہائیکورٹ اسے کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیتی۔
پراسیکیوٹر نے کہاکہ ٹرائل کورٹ میں بھی اسی نوعیت کی درخواست زیرسماعت ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ تو ٹرائل کورٹ اس درخواست پرفیصلہ کرے ہائیکورٹ نے تو نہیں روکا، ٹرائل کورٹ فیصلہ کر دے تو ہائیکورٹ میں درخواست غیرموثر ہو جائے گی،ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے جو متاثرہ فریق ہوا، وہ اپیل کرلے گا۔
Pakistan Image