راولپنڈی: موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی سمیت ندی نالوں میں طغیانی، سائرن بجا دیے گئے، نشیبی علاقے زیر آب

راولپنڈی(پاکستان امیج)راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، مسلسل بارشوں کے باعث پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی، جس پر گوالمنڈی نالہ لئی برج پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔

واسا اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق، گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 15 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 20 فٹ کی حد عبور ہونے کی صورت میں قریبی آبادیاں خالی کرانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

اسی طرح کٹاریاں پل پر پانی کی سطح 13 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

نالہ لئی میں آنے والے پانی نے فلش فلڈنگ کی صورت اختیار کر لی ہے اور اس کے ساتھ ملحقہ رابطہ نالوں میں بھی طغیانی کا آغاز ہو چکا ہے۔

شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے سینکڑوں افراد محصور ہو گئے ہیں، جب کہ نقل مکانی فی الحال ممکن نہیں رہی۔

متاثرہ علاقوں میں مہر کالونی، ڈھوک حسو، پیرودھائی، خیابان سر سید، فوجی کالونی اور ڈھوک مٹکیال شامل ہیں۔

متذکرہ علاقوں کے کئی گھروں میں بارشی پانی داخل ہو چکا ہے، جبکہ بعض مقامات پر رابطہ پل مکمل طور پر زیر آب آ گئے ہیں۔

شہریوں کو انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی جا رہی ہے۔

چکری روڈ لادیاں گاؤں میں پھنسی فیملی کو نکالنے کے لئے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا، ہیلی کاپٹر چھت پر پھنسی فیملی کو ریسکیو کرنے کے لئے بجھوایا گیا۔

فیملی کو ریسکیو کرنے کے لئے جانے والی ریسکیو ٹیم کو ناکامی پر ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن پر بجھوایا گیا۔

راولپنڈی و گرد نواح میں شدید بارش کے بعد ریسکیو 1122 ہائی الرٹ ہے جب کہ ابھی تک بارش سے متعلقہ 27 ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں، 22 مقامات پر ریسکیو آپریشن جاری ہیں۔

ایمرجنسی آپریشنز میں ریسکیو 1122 کے3 سو ریسکیوئرز ایمرجنسی ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، 12 ایمبولینس ،4 ریسکیو وہیکلز 2 واٹر ریسکیو وہیکلز30 موٹر سائیکل ریسکیوئرز، 8 فائر وہیکلز بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، مجموعی طور 19 مریضوں کو اب تک ریسکیو کیا گیا اور ایک کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

راولپنڈی میں نیو چاکرا اور راولپنڈی ٹینچ بھاٹہ جان کالونی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کے باعث مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور انہوں نے امدادی ٹیموں سے مدد کی اپیل کی ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *