راتوں کونیند نہیں آتی تھی، میرا بس چلے تو میں ابھی 15 فیصد ٹیکس میں کمی کردوں:وزیراعظم

اسلام آباد(پاکستان امیج)وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سال کے دوران ہونے والے حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا بس چلے تو میں ابھی 15 فیصد ٹیکس میں کمی کردوں،افغانستان سے اسمگلنگ روکی تو 211 ملین ڈالر کی چینی برآمد کی،2023 میں آئی ایم ایف پروگرام خدشات کا شکار تھا، مہنگائی کی وجہ سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم نے شبانہ روز محنت سے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور پاکستان نے ایک سال میں اندھیروں سے اجالوں کی طرف سفر کیا۔

اسلام آباد میں وفاقی حکومت کی جانب سے یوم تعمیر و ترقی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2023 میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام خدشات کا شکار تھا کیوں کہ ان کی شرائط بہت کڑی تھی اور اس وقت ملک میں مہنگائی کا بہت بڑا طوفان تھا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام نے بہت مشکلات برداشت کیں، میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں اور آج ہم عوام کی بدولت یہاں تک نہیں پہنچے ہیں، ترقی کا سفر اجتماعی کاوش اور محنت کا نتیجہ ہے، پاکستان نے ایک سال میں اندھیروں سے اجالوں کی طرف سفر کیا۔انہوں نے کہا کہ میں چند باتیں بتانا چاہتا ہوں جون 2023 میں مجھے پیرس میں آئی ایم ایف کی جانب سے بتایا گیا کہ پروگرام جاری رکھنا مشکل ہوگا جس پر میں نے اسحق ڈار سے رابطہ کیا اور انہوں نے قومی اسمبلی میں بجٹ میں آئی ایم ایف کے مطالبے پر ترامیم کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہی روز اسلامک ڈیولپمنٹ بینک کے ایم ڈی سے رابطہ ہوا اور پھر مجھے آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے مجھے بتایا کہ بینک نے پاکستان کے لیے ایک ملین ڈالر منظور کرلیا ہے، آپ پروگرام جاری رکھ سکتے ہیں اور اس طرح ہماری ٹیم کی شبانہ روز محنت کے ساتھ پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ حکومت بننے کے بعد ستمبر میں ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ7 ارب ڈالر کا 3 سالہ معاہدہ طے ہوگا جس میں وزیر خزانہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کی کاوشیں شامل ہیں، جس کے نتیجے میں تنخواہ دار طبقے کو بہت بوجھ برداشت کرنا پڑا، 300 ارب روپے تنخواہ دار طبقے نے ٹیکس ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے نے پاکستان کی معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لیے اپنی بساط سے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے جس پر میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود جنوری 2025 میں مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے اگر 2.4 فیصد پر آچکی ہے تو اللہ تعالی کا خاص کرم ہے اور اس میں زندگی کے تمام طبقات نے حصہ ڈالا ہے، جس پر میں پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ میں پچھلی حکومت پر کوئی الزام تراشی نہیں کرنا چاہتا اور نہ ہی کوئی سیاست کرنا چاہتا ہوں، مجھے راتوں کو نیند نہیں آتی تھی کہ اگر پاکستان ڈیفالٹ کرگیا تو میری قبر پر یہ لکھا جائے گا کہ اس شخص کے دور میں ملک ڈیفالٹ کرگیا۔ان کا کہنا تھا کہ اب ہماری معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوگئی ہے اور آگے معاشی ترقی کا سفر طے کرنا ہے، میں بزنس کمیونٹی سے مخاطب ہونا چاہتا ہوں کہ ہم نے مشکل فیصلے کرلیے لیکن آگے سفر بھی آسان نہیں ہے لیکن ایک امید پیدا ہوگئی ہے، اس میں آپ نے میرا بھرپور ساتھ دینا ہے، کس طرح ایکسپورٹ کو آگے بڑھانا ہے، کس طرح انڈسٹری کو مضبوط کرنا ہے اور ٹیکسز کو نیچے لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 8 سے 10 ماہ میں ہم نے بہت سخت فیصلے کیے لیکن ابھی آپ کی مشاورت سے پالیسی بنے گی کہ کس طرح ایکسپورٹ گروتھ ہوگی کس طرح انڈسٹری کو آگے لے کر جانا ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ میرا بس چلے تو میں ابھی 15 فیصد ٹیکس میں کمی کردوں، اور یہ صرف دکھاوا نہیں، آپ کے سامنے کی بات ہے کہ کس طرح سارے وزرا کام کررہے ہیں اور مشکل فیصلے لے رہے ہیں، اب ترقی اور خوشحالی کا سفر طے کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں سے زیادتی نہیں ہونی چاہیے، چیئرمین ایف بی آر ان کی بات سنیں، حکومت نے ایس او ایز نہیں چلانے، سرمایہ کار انہیں خریدیں اور چلائیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ نہ ہوا تو ترقی اور ایکسپورٹس میں اضافہ بھی نہیں ہوگا، افواج پاکستان دہشتگردی کیخلاف قربانیاں دے رہی ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ افغانستان سے اسمگلنگ روکی گئی اور رواں برس 211 ملین ڈالر کی چینی برآمد کی۔ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں دہشت گردی ختم ہوگئی تھی لیکن بدقسمتی سے پھر واپس آگئی ہے، یہ دہشت گردی کیوں واپس آئی، سوال پوچھنا پڑے گا۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *