اسلام آباد(پاکستان امیج)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے دورانِ عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے جبکہ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیئے کہ اگر میں زندہ رہا تو 10 دنوں میں فیصلہ کردوں گا۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے اور سزا معطلی کی درخواستوں پرسماعت کی جبکہ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ پیش کیا اور استدعا کی کہ ڈائریکشن آچکی ہے، سماعت کل کیلئے رکھ لیں۔
جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ اگر میں زندہ رہا تو 10 دنوں میں فیصلہ کر دوں گا، کل ممکن نہیں ہے کیونکہ بہت سی ضمانت کی درخواستیں لگی ہوئی ہیں، اگر دوسری پارٹی پیش نہ بھی ہوئی تب بھی فیصلہ کردوں گا۔عثمان ریاض گل ایڈووکیٹ نے کہا کہ کل کیلئے سماعت رکھ لیں پھر نوٹس ریکارڈ کا حصہ ہوجائیں گے۔جس پر جج افضل مجوکا نے ریمارکس دیے کہ آج کی سماعت کا آرڈر لکھ رہا ہوں اس میں نوٹس سے بڑا کچھ ہوگا۔
عدالت نے فریقین کو نوٹسزجاری کرتے ہوئے خبردار کیا کہ فریقین اگلی سماعت پر پیش ہوکر دلائل دیں بصورت دیگر دستیاب ریکارڈ پر فیصلہ کریں گے، بعدازاں سماعت 21 جون تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کو عدت کیس کی اپیل کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کا حکم دیا تھا۔
Pakistan Image