لاہور (پاکستان امیج) پاکستانی ٹیم کے سابق سٹار کرکٹر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ دنیا میں ایسی مثال نہیں ملتی کہ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے گئی ہو اور کسی نے استعفیٰ دیا ہو، ورلڈ کے موقع پر چیف سلیکٹر انضمام الحق کو استعفیٰ نہیں دینا چاہیے تھا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ سمجھ سے باہر ہے کہ نمبر ون رہنے والی ٹیم موجودہ کارکردگی دکھا رہی ہے۔ پہلے ایسا ہوا کہ بھارت سے ہار کے بعد ٹیم نے خراب کارکردگی دکھائی تو کپتان اور کوچ کی ذمہ داری ہے کہ ان کا حوصلہ بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے ایڈمنسٹریٹر اگر ایسے لوگ آئیں جنہیں کھیل کی سمجھ نہیں یا سیاسی بیک گراونڈ ہو تو پھر ٹیم کے ساتھ یہی ہو گا جو ہو رہا ہے۔ لوگ کرکٹ کے پیچھے ایسے پڑے ہیں کہ اسے تباہی سے دوچار کر دیا جائے۔
ظہیر عباس نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس اہم موقع پر استعفے سے یہی مطلب نکلتا ہے کہ انضمام الحق کے ذہن میں کوئی بات تو تھی جس پر انہوں نے ایسا قدم اٹھایا۔
Pakistan Image