راولپنڈی (پاکستان امیج)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہونگے۔
معرکہ حق میں فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں پر وقار یادگاری تقریب سے اپنے تاریخی خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ تعالیٰ کی رضا سے پاکستان، عوام اور مسلح افواج کو بے مثال کامیابی ملی، معرکہ حق دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں حق فتح یاب اور باطل ہزیمت سے دو چار ہوا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہندوستان کا خواب ہے کہ وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے، اس کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے جسے پاکستان کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ میں معرکۂ حق کے تمام شہداء اورغازیوں بالخصوص شہید ہونے والی نہتی عورتوں، بوڑھوں اورمعصوم بچوں کو پوری قوم اور افواج پاکستان کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں، ہم اپنے شہداء کی قربانی کو امانت، اپنی طاقت کو ذمہ داری اور اپنی کامیابی کو خدائے بزرگ برتر کا احسان سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اور قومی قیادت کا پیغام ہے کہ ملکی خود مختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں، ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کی قیمت وہ آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا، فتح میزائلوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ الحمد اللہ آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کیخلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہونگے، عصرِحاضراورمستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی جس میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں، ڈرونز، سائبراور آرٹیفشل انٹیلی جنس کا استعمال ہوگا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز قائم کردیا گیا ہے، پاکستان کا برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ ہماری سفارتی کامیابیوں کا ایک عظیم سنگِ میل ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ آج پاکستان اپنی موثر، ذمہ دارانہ اور غیر جانبدار سفارتی کاری کے ذریعے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کر رہا ہے، پاکستان کے ساتھ روایتی جنگ کو ناممکن تصور کرتے ہوئے بھارت ایک بار پھر دہشتگردی کی گھناونی روش کا سہارا لے رہا ہے، افغانستان اپنی سر زمین پر دہشت گردی کے مراکز اور آماجگاہوں کا مکمل خاتمہ کرے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ میں پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور عوام ، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تمام باہمت اور غیور اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لینگے اور دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر محاذ پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے، ہماری منزل وہ مقام ہے جس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم امید کا استعارہ ہے اور اس کی مسلح افواج منظم اور ہر لمحہ تیار ہیں، پاکستانی قوم ہماری طاقت ہے اور ہم قوم کی قوت ہیں، پاکستان کا مستقل انشاء اللہ بہت روشن اور تابناک ہے، جب حق اور باطل مقابل ہوں تو فتح ہمیشہ حق کا مقدر بنتی ہے، پاکستان کل بھی ناقابلِ تسخیر تھا اور انشاءاللہ آنے والے وقتوں تک ناقابلِ تسخیر رہے گا۔
تقریب میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوئے۔ مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔
علاوہ ازیں بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق میں تاریخی فتح پر آج ملک بھر میں یوم تشکر بھی منایا جارہا ہے۔
معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور جراتمندانہ فیصلوں کو معرکہ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا جبکہ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جا سکتا ہے نہ جھکایا جا سکتا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فضائیہ کے سربراہ اور شاہینوں کی غیر معمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
معرکہ حق کی مناسبت سے جاری پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہداء فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع میں ڈٹے رہے۔
Pakistan Image