اسلام آباد (پاکستان امیج) سینئر قانون دان اعتزازاحسن نے کہا ہے کہ خاور مانیکا پہلے اپنی سابق اہلیہ کی تعریفیں کرتے تھے لیکن اب وہ ’’چلے والے محلے‘‘ سے ہوکر آئے ہیں تو ایسا بیان تو بنتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کاکہنا تھا کہ ملٹری کورٹ کے بارے میں بڑی غلط فہمی ہے محض ایک کاغذ کی بنیادی پر ملٹری کورٹ نے 253 لوگوں کو سزا سنا دی جس میں کوئی گواہ نہیں اور کوئی ثبوت نہیں، اگر ملزم کہتا ہے کہ میرا ٹرائل اوپن کرے تو ریاست کے پاس انکار کرنے کا کوئی جواز نہیں، ملٹری کورٹس اغوا برائے تاوان نہیں بلکہ اغوا برائے بیان پر چل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جیل کے اندر جتنے ٹرائل ہوئے وہ سب ماضی کا قصہ ہیں، فئیر ٹرائل کا پراسیس یہ ہے کہ عدالت میں عام شہری کو آنے جانے کی اجازت ہو، حیرت ہے آپ ایک آدمی کو سیکیورٹی نہیں دے سکتے؟ اڈیالہ جیل سے جوڈیشل کمپلیکس تک نہیں لے جاسکتے؟ اگر ایک آدمی کو سیکیورٹی نہیں دے سکتے تو 24 کروڑ کو کیسے محفوظ کریں گے؟
Pakistan Image