اسلام آباد (پاکستان امیج)پاکستان پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان میں بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ لانے میں بڑی مشکل کا سامنا ہے، کیوں کہ جی بی میں اُس کی اتحادی استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اپنے وعدے سے مکر گئی ہے۔
ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی نے جی بی میں حکومت سازی معاہدے سے یوٹرن لے لیا ہے، اور اس نے وزیر اعلیٰ جی بی کے لیے اپنا امیدوار کھڑا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی پی پی اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر جی بی کے لیے امیدوار لانے پر بہ ضد ہے، جس پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے درمیان ایک اہم رابطہ ہوا ہے، اور دونوں میں استحکام پاکستان پارٹی کو منانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کاوفد آج کچھ دیر میں آئی پی پی وفد سے ملاقات کرے گا، اور اس سے وزیر اعلیٰ کے لیے امیدوار نہ لانے کی درخواست کی جائے گی، آئی پی پی کو اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر کے لیے بھی امیدوار نہ لانے کی درخواست کی جائے گی۔
پی پی ذرائع کے مطابق آئی پی پی گلگت بلتستان پاور شیئرنگ میں زیادہ حصہ چاہتی ہے، جب کہ پی پی اور ن لیگ وزیر اعلیٰ، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر بلامقابلہ لانا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج ہوگا۔
Pakistan Image