راولپنڈی(پاکستان امیج)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں ہتھکڑیوں میں جکڑے ہاتھ بلند کرکے جج کو دکھا دیئے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق شاہ محمود قریشی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا گیا،اس موقع پر کمرہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی،ڈیوٹی مجسٹریٹ سید جہانگیر علی نے کیس کی سماعت کی،ایس ایس پی آپریشنز فیصل سلیم بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
شاہ محمود قریشی نے ہتھکڑیوں میں جکڑے ہاتھ بلند کرکے جج کو دکھادیئے، شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مجھے سپریم کورٹ کےتین ججز نے رہا کرنے کا حکم دیا،سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود مجھے 3ایم پی او کے تحت گرفتار کیاگیا،رات مجھے گرفتار کیا جاتا ہے صبح آ کر کہا جاتا ہے آپ کو رہا کررہےہیں،میں نے کہاکہ کیا وجہ ہے جس پر کہا جاتا ہے کہ کیس میں سقم ہے،مجھے ایک حکم نامے کے بعد گرفتار کیا جاتا ہے پھر آرڈر واپس لیا جاتا ہے،مجھے 26دسمبر کو گرفتار کرنےکا حکم دیا پھر ہاتھ سے تاریخ کاٹ کر 27لکھا گیا۔
Pakistan Image