لاہور(پاکستان امیج)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جیل میں سیکیورٹی سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ جو سہولیات نوازشریف کو دی جا رہی ہیں، وہ باقیوں کو بھی فراہم کی جائیں۔
نجی ٹی وی” دنیا نیوز” کے مطابق بشریٰ بی بی کی درخواست پر سردار لطیف کھوسہ عدالت پیش ہوئے، انہوں نے دلائل میں کہا کہ 5 اکتوبر کو سماعت ہوئی تو عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کئے۔ چیئرمین تحریک انصاف کی جیل میں سیکیورٹی اور تحفظ کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ سپرٹنڈنٹ جیل کو بلا لیتے ہیں ، وہ آ کر بتا دیں گے کیا سہولیات دی جا رہی ہیں۔ اس درخواست پر آرڈر کر کے آئندہ ہفتے کیس کو دوبارہ لگا دیں گے۔
وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ جو سہولیات نوازشریف کو دی جا رہی ہیں باقیوں کو بھی مہیا کی جائیں۔ نوازشریف کی طرح چیئرمین پی ٹی آئی کی بھی سزا معطل ہو چکی ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ عمران خان کو جیل مینوئل کے تحت سہولیات دے رہے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک درخواست شیر افضل مروت کی تھی، اس پر ڈویژن بینچ نے آرڈر کیا ہے۔ اٹک تو کھلا علاقہ ہے وہاں کیا سہولیات تھیں یہاں کیا ہیں؟
لطیف کھوسہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی تو سزا بھی معطل ہے پھر بھی ایسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ خادم حسین کیس میں آپکی ججمنٹ ہے، اسی ڈائریکشن پر عملدرآمد کرا دیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جیل سپرٹنڈنٹ کو اسی لئے بلا رہا ہوں تاکہ تسلی ہو جائے کہ عمل درآمد ہو رہا ہے یا نہیں۔
Pakistan Image