اسلام آباد(پاکستان امیج)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جانبدار نگران وزرا ءکیخلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل” دنیا نیوز” کے مطابق الیکشن کمیشن میں جانبدار نگران وفاقی وزراء کیخلاف کیس کے معاملے کی سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5رکنی بنچ نے سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ حکومت کی طرف سے کون نمائندگی کررہا ہے؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے کہاکہ وفاقی حکومت کی نمائندگی کررہا ہوں،درخواست گزار نے کہاکہ گزشتہ حکومت میں فوادحسن فواد، احد چیمہ اہم عہدوں پر فائز تھے، احد چیمہ کو سیاسی بنیادوں پر معاون خصوصی بنایا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ نگران سیٹ اپ نیوٹرل نظر آنا چاہئے،دونوں وزرا ءکے بارے تاثر تو بنا ہے کہ وہ جانبدار ہیں۔
درخواست گزار نے کہاکہ نگران وزیراعظم بھی سیاسی وابستگی رکھتے ہیں،ممبر خیبرپختونخوا نے کہاکہ مشیر کی تعیناتی کرنا وزیراعظم کی صوابدید ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر کوئی وفاقی وزیر سیاسی جماعت کی سائیڈ لے رہا ہے تو الیکشن کمیشن کارروائی کر سکتا ہے،آپ سمجھتے ہیں یہ 2بندے نگران حکومت میں ہونگے تو الیکشن پر اثرانداز ہونگے؟
وکیل عزیزالدین کاکا خیل نے کہاکہ یہ نگران وزراءاپنے دوستوں کو فائدہ پہنچائیں گے،استدعا ہے کہ انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ایک کو تو آپ نے ہٹوا دیا، دوسروں کا بھی دیکھ لیتے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ وزرا ءکی تعیناتی کا اختیار وزیراعظم کو ہے،نگران وزراء سول سرونٹس ہیں ، کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہوتا،توقیرشاہ سابق حکومت میں سیکرٹری ہیلتھ رہے،نگران وزیراعظم کو مشیر لگانے میں کوئی قدغن نہیں ہے۔
نثار درانی نے کہاکہ کیا یہ مناسب نہ ہوتا کہ کوئی اور مشیر لے لیے جاتے؟
چیف جسٹس الیکشن کمشنر نے کہاکہ نگران سیٹ اپ نیوٹرل نظر آنا چاہیے،دونوں وزراء کے بارے میں تاثر تو بنا کہ وہ جانبدار ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ دونوں وزرا ءبہترین ایڈمنسٹریٹر ہیں۔
الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
Pakistan Image