ملتان(پاکستان امیج) ملتان میں نوجوان لڑکی ثانیہ زہرہ کی دل دہلا دینے والی موت کی تحقیقات جاری ہیں تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ خودکشی کا واقعہ ہے۔واقعہ منظرعام پر آنے کے بعد یہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ رہا ،دونوں جانب سے متضاد اطلاعات سامنے آتی رہیں ۔
بی بی سی اردو کے مطابق نو جولائی کی صبح نو بجے 20 سالہ ثانیہ زہرہ کی لاش ان کے سسرال کے گھر سے ملی تھی۔ ثانیہ زہرہ کی لاش ملنے کے بعد انھیں بغیر پوسٹ مارٹم کے دفنا دیا گیا تھا تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر ثانیہ زہرہ کی قبر کشائی کر کے ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔
ڈی آئی جی ملتان نے بتایا کہ سنیچر کے روز قبر کشائی کے بعد ثانیہ زہرہ کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔’ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں چند چیزیں واضح ہیں: جسم پر تشدد کے کوئی نشان نہیں، کسی اعضا میں کوئی فریکچر نہیں جبکہ موت کی وجہ گلا گھٹنا ہے۔‘انھوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر یہ کہا جا رہا ہے کہ ثانیہ کو مار کر لٹکایا گیا لیکن ایسا ممکن نہیں کیونکہ موت کی وجہ گلے کا گھٹنا ہے۔
ان کاکہناتھاکہ ’ہم نے معدے سے نمونے بھی لیے ہیں تاکہ پتا چل سکے کہ ثانیہ زہرہ کو مرنے سے پہلے کوئی نشہ آور چیز یا زہر تو نہیں دیا گیا تھا۔ ثانیہ کے ناخنوں کے نمونے لیے گئے ہیں، پھندے کے لیے جو رسی استعمال کی گئی، اس کی بھی جانچ کی جا رہی ہے، اگر کسی اور نے پھندا دیا تو اس کا بھی پتا چل جائے گا۔‘پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ’نشہ آور چیز کھلا کر یا زہر دینے سے متعلق رپورٹ ایک ہفتے میں آ جائے گی جبکہ ڈی این اے رپورٹ 20 دن تک آئے گی۔‘
دوسری جانب ڈی آئی جی ملتان صادق علی ڈوگر کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے پہلے ہی دن سسرال سے لوگوں کو حراست میں لیا تھا لیکن ثانیہ کے والد کی درخواست پر انھیں رہا کر دیا گیا۔اگرچہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد کے نشانات ظاہر نہیں ہوئے تاہم ثانیہ کے والد کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق جب ثانیہ زہرا کی لاش ان کے سسرال کے گھر سے ملی تو ان زبان کٹی ہوئی تھی اور جبڑا ٹوٹا ہوا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق ثانیہ زہرہ کی ٹانگوں پر رسی سے باندھنے کے نشانات کے علاوہ تشدد کے بھی نشانات پائے گئے۔ثانیہ زہرہ کے والد کے مطابق ان کی بیٹی موت کے وقت حاملہ تھیں۔
ایف آئی آر میں ثانیہ کے والد نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کا شوہر اکثر اپنی بیوی پر تشدد کرتا تھا اور مار پیٹ کر کے انھیں میکے بھیج دیتا تھا، اسی دوران ثانیہ نے اپنے شوہر کے خلاف فیملی کورٹ میں نان و نفقہ اور حق مہر کا مقدمہ بھی درج کرایا لیکن لیکن بچوں کی خاطر صلح کر لی۔ثانیہ زہرہ کے والد سید علی عباس شاہ نے درج ایف آئی آر میں یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کا شوہر ان پر دباوڈالتا تھا کہ ثانیہ کے حصے کی جائیداد ان کے حوالے کی جائے ورنہ وہ ثانیہ کو جان سے مار دے گا۔
Pakistan Image