اسلام آباد(پاکستان امیج)سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے کیس میں چیف جسٹس پاکستان نے پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ ایک سیاسی جماعت کی نمائندگی کررہے ہیں،سیاسی جماعت برابر میں پارلیمنٹ میں یہ خوبصورت بحث نہیں کر سکتی تھی؟
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وکیل عزیر بھنڈاری نے کہاکہ میں اپنی جماعت کے سیاسی فیصلوں کا ذمے دار نہیں ہوں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آپ بالکل ذمے دار ہیں، آپ نے ہمارے سامنے کہا اس پارٹی کا وکیل ہوں،آرٹیکل 184/3میں اپیل کا حق ملنے سے تحریک انصاف کو کیا مسئلہ ہے؟پی ٹی آئی نے اپنے موقف پارلیمان میں کیوں نہیں اٹھایا۔
وکیل عزیر بھنڈاری نے کہاکہ کسی سیاسی فیصلے کا دفاع نہیں کروں گا، چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے کہاکہ آپ سیاسی جماعت کے وکیل ہیں تو جواب بھی دینا ہوگا، عزیر بھنڈاری نے کہاکہ تحریک انصاف کے ہر اقدام کا ذمے دار نہیں ہوں،اچھا کام بھی وہی ادارہ کرسکتا ہے جو بااختیار ہو، جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ کیا پارلیمان قانون سازی کیلئے اچھا ادارہ نہیں ہے،عزیر بھنڈاری نے کہاکہ پارلیمان آئین کے مطابق قانون سازی کرے تو ہی ٹھیک ہوگا، چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ اگر اپیل کا حق دے دیا گیا ہے تو کیا قیامت آگئی،جسٹس منصور علی شاہ نے کہاکہ آپ کے دلائل مان لیں تو مسابقتی کمیشن ایکٹ میں اپیل کا حق بھی غیرآئینی ہے،عزیر بھنڈاری نے کہاکہ جو قانون عدالت میں زیربحث نہیں اس پر رائے نہیں دوں گا، مسابقتی کمیشن کا کیس سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ کیا اپیل دینا غلط ہے؟سنگین غداری میں بھی متاثرہ فریق اپیل کرے گا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ کیا سپریم کورٹ نے جب بھی 184/3کا استعمال کیا تو کیا ٹھیک استعمال ہوا؟پارلیمنٹ نے سمجھا اور دیکھا کہ آرٹیکل 184/3کا غلط استعمال ہوا اورانہوں نے قانون سازی کی، میں اگر کہتا ہوں عزیر بھنڈاری ہمیشہ وقت ضائع کرتا ہے،میں عزیر بھنڈاری کو عدالت پیش ہونے سے روک دیتا ہوں تو آپ کیا کریں گے،اگر چیف جسٹس نے ایک فیصلہ کرلیا تو مطلب اب کچھ بھی نہیں ہوسکتا۔
Pakistan Image