اسلام آباد(پاکستان امیج)بینکوں میں بڑی رقوم جمع رکھنے والے کھاتہ داروں کیلئے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کیونکہ سیونگ اکاؤنٹس میں زیادہ سرمایہ رکھنا اب پہلے کی طرح منافع بخش نہیں رہے گا۔ نئی پالیسی کے بعد ایسے صارفین کو اپنے سرمایہ کاری کے فیصلوں پر دوبارہ غور کرنا ہوگا۔
اسٹیٹ بینک نے سیونگ اکاؤنٹس پر دیے جانے والے منافع اور نئی “انویسٹ پاک” اسکیم سے متعلق اہم ضابطہ جاتی تبدیلیوں کا اعلان کردیا ہے۔ مرکزی بینک نے اس حوالے سے باضابطہ سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام بینکوں اور صارفین کو نئی ہدایات اور قواعد سے آگاہ کر دیا ہے۔
نئے ضوابط کے تحت زیادہ مالیت کے سیونگ اکاؤنٹس رکھنے والے صارفین کو پہلے جیسی سہولت حاصل نہیں رہے گی، جبکہ بینکوں کو اس سے مالی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اب ایک کروڑ روپے یا اس سے زیادہ بیلنس والے سیونگ اکاؤنٹس پر بینکوں کیلئے مقررہ یا گارنٹی شدہ منافع دینا لازمی نہیں ہوگا۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ جن سیونگ اکاؤنٹس میں ایک کروڑ روپے سے کم رقم موجود ہوگی، ان پر بینک کم از کم مقررہ شرح کے مطابق منافع ادا کرنے کے پابند رہیں گے، اور اس حوالے سے سابقہ ضابطے برقرار رہیں گے۔
مرکزی بینک نے بڑے سرمایہ کاروں کو “انویسٹ پاک ڈیجیٹل” پلیٹ فارم کے ذریعے براہ راست سرمایہ کاری کی سہولت بھی فراہم کردی ہے۔ اس اقدام کے بعد سرمایہ کار بینکوں کو درمیان سے نکال کر سیدھا حکومتی سیکیورٹیز میں اپنی رقوم لگا سکیں گے۔
مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں سے بینکوں کے اخراجات میں کمی اور ان کے منافع میں اضافہ متوقع ہے۔ ان کے مطابق بڑی رقوم بینکوں کے بجائے اسٹاک مارکیٹ اور دیگر سرمایہ کاری کے شعبوں کا رخ کرسکتی ہیں، جبکہ انویسٹ پاک کے ذریعے حکومتی سیکیورٹیز میں سرمایہ لگانے والے سرمایہ کار نسبتاً بہتر منافع حاصل کرنے کے قابل ہوں گے۔
Pakistan Image