نیویارک (پاکستان امیج) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ لگتا تھا کہ کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا، بھارت کیخلاف انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔
میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ شکست ہر لحاظ سے مایوس کن تھی، پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پرفارمنس پر ہے، لگتا تھا کہ کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا لیکن آج کی انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا ہے کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قوم جلد بڑی سر جری ہوتی ہوئے دیکھے گی، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، ہمیں چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم تیار کرنی ہے اور وقت آگیا ہےکہ باہر بیٹھا نئے ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا جائے ۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی ایک بہترین ٹیم بنانا ہے، اچھی طرح معلوم ہے کہ ٹیم میں کیا چل رہا تھا اور ہارنے کی وجوہات کیا ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ قوم کرکٹ ٹیم سے ایسی مایوس کن کارکردگی کی توقع نہیں رکھتی۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بیٹرز کی لاپروائی ، غیر ذمہ داری اور غفلت نے پاکستان کو جیتا ہوا میچ ہروا دیا۔بھارت نے میچ 6 رنز سے جیت کر پاکستان کی سپر ایٹ تک رسائی تقریباً ناممکن بنا دی، اگر امریکا نے آئرلینڈ کو ہرا دیا تو پاکستان کے لیے ورلڈ کپ کا سفر ختم سکتا ہے۔
Pakistan Image