رحیم یار خان (پاکستان امیج)رحیم یار خان میں سردار گڑھ کے قریب باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کے درمیان پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے نے کئی خاندانوں کو سوگوار کر دیا۔ افسوسناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کیا جہاں متعدد زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اسپتال ترجمان کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے مزید 3 افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے جسکے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
حادثے کی شدت کے پیش نظر شیخ زید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ طبی عملے کو زخمیوں کے علاج اور انہیں فوری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک کردیا گیا۔ اسپتال میں زیرِ علاج بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بھی شیخ زید اسپتال کا دورہ کیا اور حادثے میں متاثر ہونے والے افراد اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو تمام ممکنہ طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ریسکیو ذرائع اور انتظامیہ کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجوہات میں ٹرالر ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی سامنے آئی ہے تاہم حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے کے باعث علاقے میں فضا سوگوار ہے، جبکہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر شدید صدمے سے دوچار ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی
Pakistan Image