لاہور (پاکستان امیج)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں معیشت کو دوبارہ سے ٹھیک کریں گے، ن لیگ کو ایک بار پھر موقع ملا تو عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کریں گے۔
لاہور کے علاقے مصری شاہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ایجنڈے پر متحد ہونا چاہیے،معیشت کی گاڑی چلانے میں تمام جماعتوں کو زور لگانا چاہیے،عام آدمی کو اسی وقت ریلیف مل سکتا ہے جب معیشت کا پہیہ چلے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد جو بھی جماعت برسراقتدار آتی ہے اسے معاشی ایجنڈا پیش کرنا چاہیے,اس معاشی ایجنڈے کو کم ازکم 10 سال کا آئینی تحفظ حاصل ہونا چاہیے تاکہ پاکستان کی معاشی سمت متعین ہو، اصلاحات حاصل ہوں۔ پاکستان کی معیشت پھلے پھولے اور عام آدمی کو ریلیف ملے۔
انکا کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے تقاضے کچھ اور ہیں، کسی نے قوم کے پیسے لوٹے ہیں تو اسکو حساب دینا چاہیے۔نواز شریف کے خلاف کیسز جھوٹے ہیں، انتقامی کارروائی ہے، اللّٰہ تعالیٰ نے چاہا تو ہم سرخرو ہوں گے۔نواز شریف کی قیادت میں معیشت کو دوبارہ سے ٹھیک کریں گے، دوبارہ موقع ملا تو لوگوں کو ریلیف دینے کےلیے پوری کوشش کریں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ فلسطین میں جنگ بندی کا اعلان ہونا چاہیے، فلسطین میں ظلم کی جو داستان رقم کی جارہی ہے اسے فوری بند ہوناچاہیے۔
Pakistan Image