اسلام آباد(پاکستان امیج ) قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی( این سی سی آئی) میں کرپشن اسکینڈل اور ناقص کارکردگی میں ملوث نو افسران کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔این سی سی آئی ہیڈکوارٹرزکی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام نو افسران کرپشن اسکینڈل میں ملوث پائے گئے ہیں ، تمام افسران کواین سی ای آئی ہیڈکوارٹرز میں کلوز کردیاگیا ہے۔او ایس ڈی افسران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر پشاور عامر نذیر، ایڈیشنل ڈائریکٹر کوئٹہ حیدر عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر سلیمان شامل ہیں جبکہ راولپنڈی، گوجرانوالہ اور ایبٹ آباد کے چار سب انسپکٹر بھی لسٹ میں شامل ہیں۔یاد رہے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق، پانچ این سی سی آئی افسران کو لاکھوں روپے کی کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا ، ان میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری شامل ہیں، ملزمان پر اپنی اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت لینے کے الزامات ہیں۔تحقیقات کے دوران غیر قانونی کال سینٹرز کے ذریعے بھاری رقوم کی وصولی کے شواہد سامنے آئے، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق، راولپنڈی میں 15 غیر قانونی کال سینٹرز سے ہر ماہ تقریبا 1.5 کروڑ روپے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد حیدر کی قیادت میں ایک فرنٹ مین حسن عامر کے ذریعے وصول کیے جاتے تھے۔ستمبر 2024 سے اپریل 2025 کے درمیان افسران نے مجموعی طور پر 12 کروڑ روپے وصول کیے۔ سب انسپیکٹر سریم نے سیکٹر F-7 اسلام آباد میں چھاپے کے بعد نئے کال سینٹر کے لیے ماہانہ 8 لاکھ روپے مقرر کیے، جبکہ SHO میاں عرفان نے اس معاہدے کیلئے 4 کروڑ روپے کی رقم فائنل کی۔مئی 2025 میں عامر نصیر کو راولپنڈی آفس کی سربراہی سونپی گئی، اور ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم خان اور سب انسپیکٹر سریم علی بھی اس ٹیم میں شامل ہوئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان علوی بھی اس آپریشن میں شامل تھے۔ذرائع کے مطابق افسران نے ہر ماہ 1.5 کروڑ روپے کی وصولی جاری رکھی۔ سب انسپیکٹر سریم نے منشی محی الدین کو فرنٹ مین مقرر کیا۔راولپنڈی کے ایک کال سینٹر پر چھاپے کے دوران 14 غیر ملکی شہری گرفتار ہوئے۔ سریم نے فرنٹ مین کے ذریعے ایک غیر ملکی شہری کی پاکستانی بیوی سے رابطہ کیا، جس نے اپنے شوہر کی رہائی کے لیے 80 لاکھ روپے ادا کیے، جبکہ دیگر 13 غیر ملکیوں کی رہائی کے لیے تقریبا 1.2 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔ذرائع کے مطابق سب انسپیکٹر سریم نے اس غیر ملکی کا شوہر تشدد کا نشانہ بنایا اور ویڈیو ریکارڈ کی، جبکہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے مزید 10 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔چھاپے کے بعد کال سینٹرز سے 2.1 کروڑ روپے برآمد ہوئے، جو افسران میں تقسیم کیے گئے۔ سب انسپیکٹر سریم علی کو 17 لاکھ روپے، عثمان بشارت کو 14 لاکھ روپے، اور زاہد عباس کو 10 لاکھ روپے دیے گئے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم نے 95 لاکھ روپے حاصل کیے، جبکہ ندیم نے 27 لاکھ روپے اپنے پاس رکھے۔
Check Also
رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ
اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …
Pakistan Image