لاہور (پاکستان امیج ) ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان پہنچ گئے۔
ایران کے صدر کا طیارہ لاہور میں لینڈ ہوا۔ مسعود پزشکیان کا بطور صدر، پاکستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
2 روزہ سرکاری دورے پر ایرانی صدر کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر اپنے قیام کے دوران صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق پاکستان کے دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا دورے کا مقصد تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔پاکستان کے دورے کے دوران سرحدی سلامتی اور علاقائی امن کے امور زیر بحث آئیں گے، سرحدی منڈیاں اور رابطے باہمی تعاون کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں، کوشش ہے کہ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچے۔
صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا پاکستان اور چین کے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں، ون بیلٹ ون روڈ منصوبے سے ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔پاک، ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
Pakistan Image