اسلام آباد(پاکستان امیج)حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد کے لیے پرسنل بیگیج اسکیم ختم کردی ہے۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے بدھ کو قومی اسمبلی کو آگاہ کیا کہ یہ فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بنائی گئی سہولتوں کے تجارتی غلط استعمال کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر تجارت نے بتایا کہ پرسنل بیگیج اسکیم ختم کرنے کی منظوری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور وفاقی کابینہ نے دی ہے۔
حکومت نے گفٹ اسکیم اور ٹرانسفر آف ریزیڈنس اسکیم کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان دونوں کے تحت گاڑیوں کی درآمد کے لیے پہلے سے زیادہ سخت شرائط عائد کردی گئی ہیں۔
نئی پالیسی کے تحت ان اسکیموں کے ذریعے درآمد کی جانے والی گاڑیوں کے لیے وہی کم از کم حفاظتی، ماحولیاتی اور ریگولیٹری معیار پورے کرنا لازمی ہوں گے جو استعمال شدہ کمرشل گاڑیوں کی درآمد پر لاگو ہوتے ہیں۔
حکومت نے ایک اور اہم تبدیلی کرتے ہوئے گاڑی درآمد کرنے کے درمیان لازمی وقفہ دو سال سے بڑھا کر تین سال کردیا ہے۔ اس کے علاوہ اسکیم کے تحت درآمد کی جانے والی گاڑی کو ایک سال تک منتقل یا فروخت نہیں کیا جاسکے گا۔
نظرثانی شدہ پالیسی کے مطابق بیرون ملک قیام کی کم از کم مدت بھی بڑھا کر تین سال کردی گئی ہے جبکہ اس دوران مجموعی طور پر کم از کم 850 دن بیرون ملک قیام کرنا ضروری ہوگا۔
حکومت نے یہ شرط بھی واضح کردی ہے کہ گاڑی اسی ملک سے درآمد کی جائے جہاں بھیجنے والا شخص رہائش پذیر ہو تاہم یہ شرط صرف ٹرانسفر آف ریزیڈنس اسکیم پر لاگو ہوگی گفٹ اسکیم اس پابندی سے مستثنیٰ رہے گی۔
وزارت تجارت کے مطابق پالیسی میں تبدیلیاں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کی گئی ہیں۔ حکومت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ان اسکیموں کا فائدہ حقیقی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملے اور ان سہولتوں کو تجارتی بنیادوں پر گاڑیاں درآمد کرنے والے افراد استعمال نہ کرسکیں۔
دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ پاکستان میں کہیں بھی ڈیوٹی اور ٹیکس سے مکمل مستثنیٰ گاڑی درآمد کرنے کی کوئی سہولت موجود نہیں۔
حکومت کے مطابق نئی شرائط کا بنیادی مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے دستیاب گاڑی درآمد کرنے کی سہولت کو برقرار رکھتے ہوئے اس کے تجارتی غلط استعمال کی روک تھام کرنا ہے۔
Pakistan Image