اسلام آباد (پاکستان امیج) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک میں ضروری ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے متعلق سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر گردش کرنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ ترجمان ڈریپ نے ایک وضاحتی بیان میں واضح کیا ہے کہ انسولین اور دیگر تمام جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اور گزشتہ چند ماہ کے دوران ایسی کسی بھی تجویز یا اضافے کی منظوری نہیں دی گئی۔ ڈریپ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ضروری ادویات کی فہرست میں شامل دواؤں کی قیمتوں میں فارماسیوٹیکل کمپنیاں اپنی مرضی سے ایک روپے کا بھی اضافہ کرنے کا اختیار نہیں رکھتیں۔
ترجمان کے مطابق، ڈریپ بطور ریگولیٹر مارکیٹ میں ادویات کی دستیابی اور ان کی سرکاری قیمتوں کی کڑی نگرانی کر رہا ہے۔ عالمی سپلائی چین میں ممکنہ رکاوٹوں کے پیشِ نظر ڈریپ نے فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو دو اہم ایڈوائزریز بھی جاری کی ہیں، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خام مال کے حصول کے لیے متبادل ذرائع تلاش کریں اور ادویات کا مناسب اسٹاک برقرار رکھیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی قلت پیدا نہ ہو۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں استعمال ہونے والی تقریباً 85 فیصد ادویات مقامی طور پر تیار کی جاتی ہیں، اس لیے موجودہ علاقائی یا عالمی حالات کے باعث سپلائی کے راستوں میں آنے والی رکاوٹیں فی الحال ادویات کی فراہمی پر اثر انداز نہیں ہو رہی ہیں۔
صنعت کے رہنماؤں اور ماہرین نے بھی عوام کو اطمینان دلایا ہے کہ ملک میں ادویات کی کمی کا کوئی فوری خطرہ موجود نہیں ہے، کیونکہ بیشتر کمپنیوں کے پاس اگلے 4 سے 6 ماہ کے لیے خام مال اور تیار ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ ڈریپ نے تمام میڈیا ہاؤسز اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی حساس خبروں کی اشاعت یا ان پر یقین کرنے سے قبل اتھارٹی سے تصدیق ضرور کریں تاکہ عوام میں بلاوجہ بے چینی اور ہیجان پیدا نہ ہو۔ ڈریپ نے اعادہ کیا ہے کہ وہ عوام کو معیاری اور سستی ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
Pakistan Image