راولپنڈی (پاکستان امیج)ملک میں عام انتخابات کس مہینے اور کس تاریخ کو ہونے کی توقع ہے؟ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے بتا دیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 15 سے 25 جنوری کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔الیکشن کمیشن نے ساڑھے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز کی فہرست جاری کر دی ہے، حلقہ بندیوں کا معاملہ 30 نومبر سے قبل مکمل ہو جائے گا اور 30 نومبر کو حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔
“جیو نیوز ” کے مطابق معاون خصوصی کا کہنا ہے نوٹیفکیشن کے بعد سیکشن 57 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مجاز ہے، عام انتخابات کی تاریخ دینےکا اختیار صرف اور صرف الیکشن کمیشن کو ہے، کوئی ادارہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتا۔آرٹیکل 230 اور 222 کے تحت الیکشن کمیشن اپنے معاملات میں مکمل خودمختار ہے، موجودہ حالات میں لگ رہا ہے کہ نومبر کے دوسرے ہفتے میں انتخابی شیڈول جاری ہو جائے گا، انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد توقع ہے کہ الیکشن 15 سے 25جنوری کے درمیان ہوجائیں گے۔
سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ نگران حکومت فنڈز کا استعمال آرٹیکل 224 کے تحت کر رہی ہے، آرٹیکل 224 کے تحت نگران حکومت کو فنڈز اور تعمیراتی کام کا مکمل اختیار ہے، نگران پنجاب حکومت کسی سیاسی جماعت کے تابع نہیں ہے۔
Pakistan Image