ارشد ندیم کو دعوت دینا نیرج چوپڑا کو مہنگا پڑگیا، سوشل میڈیا پر حب الوطنی سے متعلق پوسٹ میں کیا کہا؟

بنگلور(پاکستان امیج)بھارت کے دو بار کے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے پاکستانی جیولن تھرو کے اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم کو بنگلورو میں ہونے والے ’نیرج چوپڑا کلاسک‘ میں شرکت کی دعوت دینے پر اٹھنے والے تنازع پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ یہ دعوت پہلگام میں ہونے والے دہشتگرد حملے سے 2 روز قبل دی گئی تھی اور اس کا مقصد کھیل کے فروغ کے سوا کچھ نہیں تھا۔

نیرج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ میں عموماً کم بولنے والا انسان ہوں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اگر کچھ غلط ہو تو خاموش رہوں۔ میرے ملک سے محبت اور اپنے خاندان کی عزت پر سوال اٹھانا ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ارشد ندیم کو دعوت صرف ایک ایتھلیٹ کی طرف سے دوسرے ایتھلیٹ کے لیے تھی، جس کا مقصد عالمی معیار کے مقابلے بھارت میں منعقد کروانا تھا۔ پہلگام واقعے سے 2 دن قبل تمام ایتھلیٹس کو دعوت نامے بھیجے گئے تھے۔ اس کے باوجود مجھ پر اور میرے خاندان پر تنقید اور نفرت کا جو طوفان آیا ہے، وہ افسوسناک ہے۔

نیرج چوپڑا نے اس بات پر زور دیا کہ پہلگام واقعے کے بعد حالات یکسر تبدیل ہو گئے ہیں، اور اب ارشد ندیم کی شرکت ممکن نہیں۔ میرے ملک اور اس کے مفادات ہمیشہ سب سے پہلے ہیں۔ میں ان تمام متاثرین کے لیے دعا گو ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا۔ پورا ملک دکھی اور غصے میں ہے، اور مجھے یقین ہے کہ ہمارا ردعمل ہماری قومی طاقت کی عکاسی کرے گا۔

نیرج نے کہا کہ وہ کئی برس سے ملک کی نمائندگی فخر سے کر رہے ہیں، اب ان کے کردار پر سوال اٹھانا تکلیف دہ ہے۔ کچھ میڈیا حلقے غلط بیانی کر رہے ہیں اور ان کی والدہ کے گزشتہ بیانات کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہم سادہ لوگ ہیں، ہمیں کسی اور زاویے سے نہ دیکھا جائے۔ جھوٹے بیانیے بنانے سے سچ نہیں بدل جاتا۔ میں اور بھی محنت کروں گا تاکہ دنیا بھارت کو فخر، عزت اور حسرت سے دیکھے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے اولمپین جیولن تھرور ارشد ندیم نے بھارت میں ہونے والی کلاسک جیولن تھرو مقابلے میں شرکت سے معذرت کرلی تھی۔ چند دن قبل لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ارشد ندیم نے کہا کہ 20 مئی کو بھارت میں ایونٹ ہے جبکہ 22 مئی کو ایشین چیمپیئن شپ کے لیے روانگی شیڈول ہے، اس لیے بنگلورو کلاسک جیولین تھرو میں جانا ممکن نہیں۔ نیرج چوپڑا نے یاد رکھا اور مجھے شرکت کی دعوت دی، اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر گلین فلپس نے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی

نیوزی لینڈ(پاکستان امیج)نیوزی لینڈ کے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین فلپس نے بھارت کے خلاف …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *