اسلام آباد(پاکستان امیج)سپریم کورٹ میں تاحیات نااہلی کیس میں وکیل خرم رضا نے کہاکہ یہ اپیلیں کس قانون کے تحت چل رہی ہیں،کیا آرٹیکل 187کے تحت اپیلیں ایک ساتھ سماعت کیلئے مقرر کی گئیں،چیف جسٹس نے وکیل خرم رضا سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ اپنی درخواست تک محدود رہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی براہ راست سماعت ہوئی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 7رکنی بنچ نے سماعت کی،جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان بنچ میں شامل ہیں،جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمدعلی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی لارجر بنچ کا حصہ ہیں۔
چیف جسٹس نے کہاکہ ہم نے تین عدالتی معاونین مقرر کئے تھے،ریما عمر عدالت نہیں آ سکیں،ریما عمر نے اپنا تحریری جواب بھجوایا ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر ریما عمر، عزیز بھنڈاری اور فیصل صدیقی کو عدالتی معاون مقرر کیا تھا۔
Pakistan Image