اسلام آباد(پاکستان امیج)آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں کیساتھ ٹیلیفونک گفتگو کروانے کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کروانے کا حکم دیدیا۔جج نے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ جیل ٹیلی فونک گفتگو کروانے کے دوران موجود رہیں گے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں کیساتھ ٹیلیفونک گفتگو کروانے پر سماعت ہوئی،جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں وکیل شیراز احمد رانجھا پیش ہوئے۔
جج ابوالحسنات نے کہاکہ جیل میں ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق ایس او پیز آ جائیں تو دیکھ لیتے ہیں،ورزش اور سائیکل سے متعلق پہلے ہی جیل حکام کو کہہ چکا ہوں،وکیل شیراز احمد رانجھا نے کہا کہ اگر عدالت اجازت دے تو سائیکل آج ہی مہیا کر دیتا ہوں،جج ابوالحسنات نے کہا چاہتا ہوں سائیکل کا غلط استعمال نہ ہوا، ایسا نہ ہو سائیکل جیل سپرنٹنڈنٹ چلاتا رہے،جیل مینوئل بھی دیکھنا ہوتا ہے، ہمارے لئے انڈر ٹرائل ملزم کی سکیورٹی اہم ہے۔
وکیل نے کہا کہ اگر خدشات ہیں تو ایک بندہ مقرر کردیں جس کی نگرانی میں سائیکل استعمال ہو، جج ابوالحسنات نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں کھانا گھر سے منگوایا جائے لیکن ذمہ داری کون لے گا؟اگر کھانا جیل میں تیار ہو تو جیل حکام ذمہ دار ہوتے ہیں،میں سائیکل والے معاملے پر آرڈر کر دیتا ہوں، معاملے کو حل کر دیتے ہیں،جج ابوالحسنات نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کے آنے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔
Pakistan Image