ممبئی (پاکستان امیج)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران کھلاڑیوں کی خواتین دوستوں یعنی ‘گرل فرینڈز کلچر’ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی نقل و حرکت محدود کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بورڈ کا ماننا ہے کہ کھلاڑیوں کی دوستوں کی حد سے زیادہ مداخلت اور عوامی مقامات پر موجودگی سے لیگ کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ ڈسپلن کے معاملے پر اب کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، کیونکہ ہاردک پانڈیا، یشسوی جیسوال، ایشان کشن اور ارشدیپ سنگھ جیسے کھلاڑیوں کی پارٹنرز نہ صرف ٹیم بسوں میں سفر کرتی ہیں بلکہ ٹیم ہوٹل میں بھی مقیم رہتی ہیں۔
اس صورتحال کی وجہ سے اکثر ٹیم کی بسوں کی روانگی میں تاخیر بھی دیکھنے میں آئی ہے۔ بورڈ کو سب سے زیادہ تشویش ان پارٹنرز پر ہے جو سوشل میڈیا انفلوئنسرز ہیں اور جوئے کی ایپس کی تشہیر میں ملوث ہیں، جس سے کرپشن کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ماضی میں کھلاڑیوں اور ان کی پارٹنرز کے درمیان تلخیاں پولیس شکایات تک بھی پہنچ چکی ہیں، اس لیے اب سخت قوانین بنانا ناگزیر ہو گیا ہے۔
اینٹی کرپشن یونٹ کو بھی اس صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور جلد ہی بی سی سی آئی کے اگلے اجلاس میں نئے قوانین متعارف کرائے جائیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان نئے ضوابط کا اطلاق صرف آئی پی ایل ہی نہیں بلکہ بھارتی نیشنل ٹیم پر بھی ہوگا۔
Pakistan Image