دہلی(پاکستان امیج)افغانستان کے کرکٹر نوین الحق اور بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کے درمیان بالآخر صلح ہوگئی۔رواں سیزن میں آئی پی ایل کے دوران لکھنؤ سپر جائنٹس کے نوین الحق اور رائل چیلنجرز بنگلور کے ویرات کوہلی کی میچ کے دوران اس حد تک تلخ کلامی ہوئی تھی کہ میدان میں موجود ساتھی کھلاڑیوں کو بیچ بچاؤ کروانا پڑا تھا۔تاہم جیسے ہی رائل چیلنجرز بنگلور نے لکھنؤ کو شکست دی تو میچ کے آخر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے آپس میں ہاتھ ملانے کے دوران نوین الحق اور ویرات کوہلی کے درمیان ایک بار پھر تلخ کلامی دیکھنے کو ملی تھی۔
یہاں بھی بات ختم نہیں ہوئی تھی، نوین الحق کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس کے مینٹور اور سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر بھی ویرات کوہلی سے الجھ بیٹھے۔یہ معاملہ یہاں بھی ختم نہیں ہوا تھا، میچ کے بعد نوین کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویرات کا نام لیے بغیر ان کو ٹرول کرنے کے لیے کئی پوسٹس کی گئی تھیں۔
تاہم ورلڈکپ میچ کے دوران جب بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں آپس میں مدمقابل آئیں تو نوین الحق کو گراؤنڈ میں دیکھ کر کراؤڈ کی جانب سے کوہلی کوہلی کے نعرے لگائے گئے۔
ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان کے خلاف ویرات کوہلی جب بیٹنگ کر رہے تھے تو اننگز کے دوران افغان کرکٹر نوین الحق کوہلی کے پاس آئے اور خوشگوار موڈ میں ہاتھ ملایا، اس دوران دونوں کے چہروں پر غصے کے بجائے مسکراہٹ تھی۔ کوہلی نے نوین کی پیٹھ کو تھپتھپایا اور تھمبس اپ کیا، یہ نظارہ دیکھ کر کمنٹیٹرز نے بھی تعریف کی جبکہ سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی جانب سے دونوں کو سراہا جا رہا ہے۔
Pakistan Image