لاہور (پاکستان امیج) ماڈل، اداکارہ و میزبان فضا علی کے سابق شوہر فواد فاروق نے ٹی وی چینلز انتظامیہ اور ٹی وی میزبانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی سابق اہلیہ کو شوز میں بلاکر اپنے پروگراموں کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے ان سے طلاق پر بات کرنا بند کردیں۔
ڈان نیوز کے مطابق فضا علی حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے اپنی طلاق پر کھل کر بات کرتے ہوئے سابق شوہر کی تعریفیں کی تھیں۔اداکارہ نے بتایا تھا کہ شوہر عدالت میں طلاق کے دستاویزات پر دستخط کرتے وقت بے ہوش ہوگئے تھے جب کہ انہوں نے کبھی انہیں ڈانٹا نہ تشدد کیا، وہ انہیں اپنی بیوی نہیں بلکہ دوست سمجھتے تھے تاہم مذکورہ شو میں طلاق پر بات کرنے کے بعد فضا علی کی جذباتی ویڈیوز وائرل ہوگئی تھیں، جس کے بعد اب ان کے سابق شوہر نے ٹی وی میزبانوں سے درخواست کی ہے کہ آئندہ وہ ان کی سابق بیوی کو شوز میں نہ بلائیں۔
فواد فاروق نے اپنی پوسٹ میں کسی بھی ٹی وی میزبان کا نام لکھے بغیر الزام عائد کیا کہ شوز کے میزبان اپنے پروگرامات کی ریٹنگ بڑھانے کے لیے فضا علی کو پروگراموں میں بلاکر ان سے طلاق پر بات کرتے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ حالیہ مارننگ شو میں بھی فضا علی کو بطور تنہا ماں بلایا گیا تھا اور اسی معاملے پر بات کی جانی تھی لیکن میزبان نے ان سے طلاق پر سوالات کرکے انہیں جذباتی طور پر ٹھیس پہنچائی۔
View this post on Instagram
فواد فاروق نے فضا علی کی تعریفیں کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ اچھی بیوی اور اچھی بہو تھیں لیکن کچھ خاندانی مسائل کی وجہ سے ان کی شادی نہ چل سکی اور وہ مذکورہ مسائل کسی کو نہیں بتا سکتے۔انہوں نے کسی بھی ٹی وی میزبان کا نام لکھے بغیر ان سے درخواست کرتے ہوئے مطالبہ بھی کیا کہ آئندہ فضا علی کو پروگرامات میں طلاق پر بات کرنے کے لیے نہ بلایا جائے، انہیں جذباتی طور پر ٹھیس پہنچانے کا عمل بند کیا جانا چاہیے۔
یادرہے کہ اداکارہ نے پہلے شوہر سے شادی کے محض تین سال بعد ہی طلاق لے لی تھی اور بعد ازاں 2018 میں انہوں نے ایاز ملک نامی کاروباری شخص سے شادی کی تھی، فضا علی کی دوسری شادی بھی کامیاب نہ ہوسکی اور وہ بھی کچھ ہی عرصے بعد طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔
Pakistan Image