اسلام آباد (پاکستان امیج) نیب ترامیم کیس میں چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے ہیں کہ نیب ترامیم سے بین الاقوامی قانونی مدد سے ملے شواہد قابل قبول نہیں رہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ایف بی آر کو ملنے والی معلومات بطور ثبوت استعمال نہیں ہو سکتیں۔ وکیل مخدوم علی خان نے دلائل میں کہا کہ ملزم سے برآمد ہونیوالا مواد بھی نیب نے ہی ثابت کرنا ہوتا ہے، بیرون ممالک شواہد ثابت کرنا بھی نیب کی ہی ذمہ داری ہے۔ عدالتیں شواہد قانونی طور پر دیکھ کر کرتی ہیں۔ سوئس عدالتوں نے آصف زرداری کے خلاف شواہد تسلیم نہیں کئے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ سوئس مقدمات تو زائد المعیاد ہونے پر ختم ہوئے، عدم شواہد پر نہیں۔ مخدوم علی خان نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے سوئس حکام سے معاونت کس قانون کے تحت مانگی کوئی نہیں جانتا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا قانون میں ملزم کے ساتھ شکایت کنندہ کے حقوق بھی ہیں؟مخدوم علی خان نے کہا کہ آئین ملزم کو شفاف ٹرائل کا حق دیتا ہے، شکایت کنندہ کا ذکر نہیں۔
کیس کی سماعت ابھی جاری ہے، واضح رہے کہ نیب ترامیم کے خلاف کیس کی اب تک 51 سماعتیں ہو چکی ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
Pakistan Image