اسلام آباد (پاکستان امیج) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے سانحہ کارساز کے شہداءکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز محض ایک المناک واقعہ نہیں بلکہ جمہوریت، عوامی حقوق اور پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ کا وہ دردناک باب ہے جس کی یاد آج بھی قوم کے دلوں کو غمگین اور جمہوری جدوجہد کے عزم کو تازہ کرتی ہے۔ شہداءکی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کا مشن جمہوریت پر یقین رکھنے والوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر میر علی حسن زہری نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007ءکو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر کراچی میں پیش آنے والے سانحہ کارساز نے پاکستان کی تاریخ پر گہرے نقوش چھوڑے۔ اس المناک سانحے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور جمہوریت، امن اور عوام کے حقِ حکمرانی کے لیے جدوجہد کرنے والے کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں اس حقیقت کی گواہ ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ سلسلہ صدر آصف علی زرداری کی مدبرانہ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری و ساری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف جدوجہد، جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ ان کی سیاسی جدوجہد اور سانحہ کارساز کے شہداءکی قربانیاں پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایسا ورثہ ہیں جنہیں وقت کی گرد کبھی دھندلا نہیں سکتی۔ شہداءکا لہو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت صرف ایک نظامِ حکومت نہیں بلکہ عوام کے حقِ انتخاب، آزادیِ اظہار، مساوات اور آئینی حقوق کے تحفظ کا نام ہے۔ میر علی حسن زہری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہداءکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہداءکی جدوجہد پارٹی کی سیاسی تاریخ اور جمہوری عزم کا اہم حصہ ہے۔ آج بھی جمہوری اداروں کا استحکام، پارلیمان کی بالادستی، آئین کی پاسداری، سیاسی رواداری اور عوامی خدمت وہ اصول ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر ایک مضبوط، پ±رامن اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداءکو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا تقاضا ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے، اختلافِ رائے کو جمہوری انداز میں برداشت کیا جائے اور سیاست کو ذاتی مفادات کے بجائے عوامی خدمت، قومی یکجہتی اور ملکی ترقی کا ذریعہ بنایا جائے۔ پاکستان کا مستقبل اسی وقت روشن ہو سکتا ہے جب جمہوری ادارے مضبوط ہوں، قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے اور ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداءکی یاد ہمیں امن، برداشت، اتحاد اور جمہوری جدوجہد کا پیغام دیتی ہے۔ ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا محض ماضی کو خراجِ عقیدت پیش کرنا نہیں بلکہ ایک ایسے پاکستان کے قیام کے عزم کی تجدید ہے جہاں آئین کی بالادستی ہو، عوام کی آواز کو اہمیت دی جائے اور جمہوری اقدار کا احترام کیا جائے۔ آخر میں میر علی حسن زہری نے سانحہ کارساز کے تمام شہداءکے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداءکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور جمہوریت، امن اور عوامی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد تاریخ میں زندہ رہے گی۔
Check Also
رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ
اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …
Pakistan Image