اسلام آباد(پاکستان امیج)توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش نہ کرنے پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے حوالے سے سکیورٹی خدشات ہیں تو جیل میں سماعت نوٹیفائی کرسکتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت ہوئی، ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4رکنی کمیشن نے سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فوادچودھری میں کوئی بھی پیش نہ ہوسکا،الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کیلئے پروڈیکشن آرڈرز جاری کر رکھے ہیں ۔
معاون وکیل نے کہاکہ وکیل صاحب سپریم کورٹ میں ہیں، سماعت تھوڑی دیر بعد رکھ لیں،ممبر نثار درانی نے کہاکہ کیا انہوں نے آنا ہے؟ ہم نے پھر حلقہ بندیوں کی بھی سماعت کرنی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عدم پیشی سے متعلق تحریری رپورٹ پیش کی گئی،ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ سکیورٹی خدشات ہیں تو جیل میں سماعت نوٹیفائی کرسکتے ہیں،وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ اگر آپ جیل میں سماعت کرنا چاہتے ہیں تو نوٹیفائی کر سکتے ہیں،ہم اجازت دیتے ہیں کہ جیل میں سماعت کرلیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ کیا قانون اس کی اجازت دیتا ہے؟وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ اس حوالے سے وزارت قانون سے رائے لےلیتا ہوں۔
وکیل فواد چودھری نے کہاکہ فوادچودھری جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں،ممبر سندھ نثار درانی نے استفسار کیا کہ فوادچودھری کس جیل میں ہیں؟وکیل فوادچودھری نے کہاکہ فوادچودھری اڈیالہ جیل میں قید ہیں،ممبر سندھ نثار درانی نے کہاکہ ٹھیک ہے اس پر آرڈرز کر دیتے ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ، ہمارے اپنے رولز ہیں،آئین اور الیکشن ایکٹ کے علاوہ کوئی قانون ہم پر لاگو نہیں ہوتا،الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 6دسمبر تک ملتوی کردی۔
Pakistan Image