اسلام آباد(پاکستان امیج)سپریم کورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس میں چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ جسٹس منصور علی شاہ کو بنچ میں اس لئے شامل کیا کہ وہ ماضی میں یہ مقدمہ سن چکے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 4رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،بنچ میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس امین الدین اور جسٹس اطہر من اللہ شامل ہیں،خصوصی عدالت کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف اپیل میں حامد خان پیش ہوئے،پاکستان بار کونسل کی جانب سے عابدساقی عدالت میں پیش ہوئے،سندھ ہائیکورٹ بار کی نمائندگی رشید رضوی نے کی،سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ اچھا ہے کہ تمام وکلا موجود ہیں،وضاحت کرنا چاہتا ہوں میں بنچز تبدیل کرنے کے حق میں نہیں،جسٹس منصور علی شاہ کو بنچ میں اس لئے شامل کیا کہ وہ ماضی میں یہ مقدمہ سن چکے ہیں،سمجھ نہیں آرہا کہ 2019کے مقدمات آج تک سماعت کیلئے مقرر کیوں نہیں ہوئے؟
Pakistan Image