عمران خان کی شفاء ہسپتال منتقلی کا کیس سپریم کورٹ سے وفاقی آئینی عدالت منتقل کرنے کا حکم

اسلام آباد (پاکستان امیج) وفاقی آئینی عدالت میں تین دیگر قیدیوں کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی طرز پر طبی بنیادوں پر ریلیف اور ہسپتال منتقلی کے لیے دائر کی گئی درخواستوں پر بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، اٹارنی جنرل کی استدعا پر وفاقی آئینی عدالت نے سپریم کورٹ اور ملک بھر کی تمام ہائیکورٹس سے اس نوعیت کے زیر التوا تمام مقدمات کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے آئینی عدالت کے سامنے اہم قانونی نکات اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا کیس آئینی و قانونی نوعیت کا حامل ہے، اس لیے اسے باقاعدہ طور پر وفاقی آئینی عدالت ہی میں منتقل کیا جائے، وفاقی آئینی عدالت اپنا قانونی و آئینی اختیارِ سماعت استعمال کرتے ہوئے متعلقہ کیسز اور ان کی تمام دستاویزات اپنے پاس منگوا سکتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے اٹارنی جنرل کے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کے حوالے سے پہلے سے دائر کیس کا سپریم کورٹ آف پاکستان سے تمام ریکارڈ اور کاغذی کارروائی طلب کر لی ہے، عدالت نے اپنے متفقہ حکم نامے میں ملک بھر کی صوبائی ہائیکورٹس اور اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی اس نوعیت کے کیسز کا ریکارڈ منتقل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
اپنے حکم میں وفاقی آئینی عدالت نے کہا ہے کہ اگر کسی بھی ہائیکورٹ میں قیدیوں کی طبی بنیادوں پر خصوصی منتقلی، شفاء انٹرنیشنل ہسپتال میں علاج یا اس نوعیت کے یکساں ریلیف سے متعلق کوئی بھی کیس زیر التوا ہے تو اس کا تمام تر ریکارڈ اور تفصیلات فوری طور پر وفاقی آئینی عدالت کو بھجوائی جائیں۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

حکومت ریلیف کا ڈرامہ بند اور پٹرولیم لیوی کا بھتہ ختم کرے: حافظ نعیم

لاہور(پاکستان امیج)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت ریلیف کا …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *