اسلام آباد(پاکستان امیج)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواست پر سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ 6حقائق عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں،9اکتوبر کو کاپیز کی نقول شاہ محمود قریشی کو دی گئی تھیں، 17 اکتوبر کو شاہ محمود قریشی نے 9اکتوبر کے آرڈر پر دستخط کئے،23اکتوبر کو قانونی تقاضے پورے کرکے فرد جرم عائد ہوئی تھی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت کی درخواست پر وقفے کے بعد سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی،ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ 6حقائق عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں،9اکتوبر کو کاپیز کی نقول شاہ محمود قریشی کو دی گئی تھیں، 17 اکتوبر کو شاہ محمود قریشی نے 9اکتوبر کے آرڈر پر دستخط کئے،23اکتوبر کو قانونی تقاضے پورے کرکے فرد جرم عائد ہوئی تھی،عدالت نے کہاکہ یہ الزام بھی وائٹ کالر کرائم جیسا ہی ہے، کیا جو نقول یہ مانگ رہے ہیں وہ دی گئیں؟سپیشل پراسیکیوٹر نے کہاکہ قانون میں جو لکھا ہے اس کے مطابق کاپیز شاہ محمود قریشی کو دی گئیں،عدالت نے کہاکہ آپ یہ کہہ رہے ہیں قانون کے مطابق جو نقول تقسیم ہونا ضروری تھیں وہ دی گئیں،سپیشل پراسیکیوٹر نے کہاکہ قانون میں صرف کاپیز فراہم کرنے کا ذکر ہے، ملزم کے وصول کرنے کا نہیں،اگر ملزم تعاون نہ کرکے کاپیز وصول نہ کرے تو اس سے عدالت کا کوئی تعلق نہیں، عدالت نے کاپیز سپلائی کردی تھیں۔
سپیشل پراسیکیوٹر نے کہاکہ کچھ آڈیو لیکس بھی اس کیس میں تھیں،پٹیشنرزنے لاہور ہائیکورٹ میں ایف آئی اے کے نوٹسز چیلنج کئے،مقدمہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں تھا مگر لاہور ہائیکورٹ کا ایک سال حکم امتناع رہا،ایف آئی اے نے اس کے بعد انکوائری مکمل ہونے پر کمپلینٹ پر مقدمہ درج کیا،ایف آئی آر اندراج میں تاخیر نہیں ہوئی،ایف آئی آر کی لینگوئج کی بات کی گئی ، جب چارج فریم ہو گیا تو پھر وہ دیکھنا ہے،پٹیشنر پر جرم میں معاونت کا الزام ہے۔
Pakistan Image