اسلام آباد(پاکستان امیج)حج 2027 کے لیے درخواستیں آج کے بجائے کل 18 اگست سے وصول کی جائیں گی، درخواستیں اور اخراجات آن لائن یا بینک برانچز میں جمع کرائے جا سکیں گے۔
نجی چینل کے مطابق وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ پالیسی کے تحت پہلے سے رجسٹرڈ عازمین ہی سرکاری حج اسکیم کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے، سرکاری اسکیم کے حج اخراجات 2 مساوی اقساط میں وصول کئے جائیں گے۔
حج درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی، کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی مزید وصولی روک دی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ حج 2027 کے لیے مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے ، سرکاری حج اسکیم کیلئے ایک لاکھ 7 ہزار 526 جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے 71 ہزار 684 کا کوٹہ مختص ہے۔
وزارت کے مطابق نجی حج اسکیم کے تحت جانے والے عازمین کو بھی مقررہ قواعد و ضوابط اور حج پیکیجز کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست جمع کرانے سے قبل تمام ضروری دستاویزات، ادائیگی اور دیگر تقاضے مکمل کر لیں تاکہ درخواست مسترد ہونے یا تاخیر سے بچا جا سکے۔
Pakistan Image