لاہور (پاکستان امیج) معروف نوجوان وکیل بیرسٹر حسان نیازی کے والد تجزیہ کار حفیظ اللہ خان نیازی نے اپنے بیٹے کی حراست کو تین سال مکمل ہونے پر ریاستی اقدامات اور عدالتی عمل پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اپنے کمزور سویلین ہونے، کم مائیگی اور بے بسی پر شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔ حفیظ اللہ خان نیازی نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ اہل وطن کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے یہ سوال اٹھانے پر مجبور ہیں کہ قائداعظم کا پاکستان کہاں ہے، حسان نیازی کی گرفتاری کو تین سال مکمل ہوچکے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ان کے بیٹے کے ساتھ آئینی و قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ 13 اور 14 اگست 2023ء کی درمیانی شب تقریباً 11 بج کر 45 منٹ پر حسان نیازی کو گرفتار کیا گیا، جس کے بعد انہیں تقریباً دو ماہ تک غیرقانونی طور پر تحویل میں رکھا گیا، بعد ازاں حسان نیازی کو فوجی تحویل میں دے دیا گیا جہاں ان کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا اور انہیں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
حفیظ اللہ خان نیازی نے مزید کہا کہ ان کا بیٹا اس وقت بھی ہائی سکیورٹی جیل کی بیرکوں میں قید ہے، گرفتاری اور مقدمے کے خلاف ہائی کورٹ میں تقریباً ایک سال سے اپیل زیرِ التوا ہے، تاہم اب تک چار مختلف بینچز نے کیس سننے سے معذرت کی جبکہ پانچواں بینچ بھی گزشتہ کئی ماہ سے معاملہ سننے کے حوالے سے زیرِ التوا رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں ایک حساس ادارے کے افسر سے مبینہ طور پر ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں کہا گیا تھا کہ پانچواں، چھٹا، ساتواں یا آٹھواں بینچ آجائے، حسان نیازی کا کیس نہیں سنا جائے گا اور معاملہ صرف التوا کا شکار رہے گا، میں ایک سویلین شہری کی حیثیت سے اپنی بے بسی پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں، تاہم یقین ہے کہ آئین اور قانون کی مبینہ خلاف ورزی کرنے والے ہمیشہ احتساب سے نہیں بچ سکتے۔
حفیظ اللہ نیازی کہتے ہیں کہ تاریخ میں ایسے کرداروں کا انجام بھی دیکھا گیا ہے اور موجودہ کردار بھی ہمیشہ اقتدار یا طاقت میں نہیں رہیں گے، واحد تسلی یہ ہے کہ ہر دور اور ہر طاقت کی ایک مدت ہوتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ حالات تبدیل ہوتے رہتے ہیں، تو ایسے میں کیسے مان لوں کہ آئین اور قانون کی دھجیاں اڑانے والے مکافات عمل سے بچ جائیں گے، ایسوں کی ایک شیلف لائف اور ایک ایکسپائری ڈیٹ ہے، 75 سالہ تاریخ میں ایسے ساروں کو عبرت کا نشان بنتے دیکھا ہے، کیسے مان لوں کہ آج کے کردار بچ جائیں گے۔
Pakistan Image