پانچ ارب روپے کا انوکھا منصوبہ! پنجاب کی جیلوں کا انتظام ہوگا مصنوعی ذہانت کے اشاروں پر

لاہور(پاکستان امیج)پنجاب کی جیلوں کا نظام اب ڈیجیٹل اور فول پروف سکیورٹی کے حصار میں جانے کو تیار ہے کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سیف جیل منصوبے پر کام انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس انقلابی اقدام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے بھر کی جیلوں کو ناقابلِ تسخیر بنانا ہے۔

سیف جیل منصوبے کے تحت صوببے کی 10 سینٹرل جیل، ڈسٹرکٹ جیل لاہور اور 10 کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز کو جدید ترین سکیورٹی نظام سے لیس کیا جا رہا ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت ایک اجلاس میں بتایا گیا کہ اس میگا پراجیکٹ کیلئے 80 فیصد جدید آلات کی خریداری اور ان کی انسپکشن کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔

حکومتِ پنجاب نے اس جامع منصوبے کے لیے 5 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں۔ منصوبے کی وسعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جیلوں میں 12 ہزار سے زائد جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

ایڈوانس کیمروں میں نائٹ وژن، اینٹی شیک اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس جیسی جدید ٹیکنالوجی کی خصوصیات موجود ہوں گی جو مشکوک چہروں اور گاڑیوں کی فوری شناخت کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

سکیورٹی کو مزید سخت بنانے کے لیے جیلوں کے اندر 615 پینک بٹن، 1525 پبلک ایڈریس سسٹم، 369 باڈی کیمرے اور 615 واکی ٹاکی سیٹس لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 41 ایکس رے باڈی سکینرز، 82 انڈر وہیکل سرویلنس سسٹم اور 787 فیشل ریکگنیشن ایکسس ڈیوائسز بھی اس سکیورٹی نیٹ ورک کا لازمی حصہ ہوں گے۔

انتظامی امور کو بہتر بنانے اور کڑی نگرانی کے لیے 133 سافٹ ویئرز اور 51 ویڈیو کانفرنسنگ سسٹم بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ قیدیوں سے ملنے والے تمام ملاقاتیوں کی شفاف مانیٹرنگ کے لیے وزیٹر مینجمنٹ سسٹم بھی مکمل طور پر آپریشنل ہوگا، جبکہ جدید کیمرے ہر وقت قیدیوں اور جیل عملے کی حاضری اور نقل و حرکت پر عقاب جیسی نظر رکھیں گے۔

منصوبے کے تحت جیل کے اندر کسی بھی قسم کی خلافِ ضابطہ یا مشکوک حرکت ہونے پر آٹومیٹک الارم خود بخود بج اٹھے گا۔ جیل کے داخلی و خارجی راستوں، دفتری حصوں، بیرکس، سکیورٹی وال، جیمرز ایریا، کچن، ہسپتال اور لائبریری سمیت تمام اہم مقامات کو اس جدید سرویلنس سسٹم کے دائرے میں لایا گیا ہے۔

حکام کے مطابق سینٹرل جیل لاہور اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو رواں ماہ ہی مکمل کرنے کا واضح ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ پورے پنجاب کی جیلوں میں اس منصوبے کی حتمی تکمیل کے لیے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن طے کی گئی ہے۔

پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کو مؤثر بنانے کے لیے تمام جیلوں، ریجنل ڈی آئی جی دفاتر، آئی جی جیل آفس اور محکمہ داخلہ میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ منصوبے کے معاہدے میں تکمیل کے بعد 5 سالہ آپریشنز اور مینٹیننس (سافٹ ویئر و ہارڈ ویئر کی دیکھ بھال) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے اس اہم سیف جیل منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) کی خدمات لی گئی ہیں جبکہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اس پورے پراجیکٹ کے لیے بطور کنسلٹنٹ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے۔

Please follow and like us:
Pin Share

Check Also

رواں مالی سال ترسیلاتِ زر 44 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد(پاکستان امیج) وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *