اسلام آباد(پاکستان امیج) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی شناختی معلومات کے تحفظ کو مزید موثر بنانے کیلئے ملک بھر کے تمام رجسٹریشن مراکز میں آئرس اسکین کی مفت سہولت فراہم کرا دی ہے۔
نادرا کے مطابق آئرس اسکین کے ذریعے آنکھ کی پتلی کی شناخت محفوظ کی جاتی ہے جس سے بائیو میٹرک تصدیق کا نظام مزید مضبوط، محفوظ اور موثر بنایا جا سکے گا۔
ادارے کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی شناختی معلومات کو بہتر تحفظ دینے کیلئے قریبی نادرا دفتر جا کر مفت آئرس اسکین ضرور کرائیں۔
نادرا نے والدین کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ تین سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کو اپنے ہمراہ نادرا رجسٹریشن مرکز لے کر جائیں تاکہ انکا بھی آئرس اسکین مکمل کیا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق یہ سہولت ملک بھر کے تمام نادرا دفاتر میں بلا معاوضہ دستیاب ہیں اور اس کا مقصد شہریوں کی بائیو میٹرک شناخت کو مزید محفوظ بنانا اور مستقبل میں شناختی تصدیق کے عمل کو آسان اور قابل اعتماد بنانا ہے۔
نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مفت سہولت سے بروقت فائیدہ اٹھائیں تاکہ شناختی ریکارڈ کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید محفوظ بنایا جا سکے
Pakistan Image